نئی دہلی: دہلی پولیس نے دہلی تشدد کی سازش کے ملزم عمر خالد کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی ہے۔ دہلی پولیس نے کہا کہ خالد کی پہلی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ آج دہلی پولیس کی جانب سے اے ایس جی چیتن شرما نے عمر خالد کی درخواست ضمانت پر دہلی ہائی کورٹ میں دلائل پیش کیے۔ درخواست ضمانت پر اگلی سماعت کل 8 جنوری کو ہوگی۔
سماعت کے دوران چیتن شرما نے کہا کہ اس ہنگامے میں کئی بے گناہ لوگوں کی جانیں گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فساد کے لیے گہری سازش رچی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خالد کی پہلی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد کسی بھی صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ آصف اقبال تنہا، نتاشا نروال اور دیونگانا کلیتا کو دی گئی ضمانت کا حوالہ دیتے ہوئے چیتن شرما نے کہا کہ انہیں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 439 کے تحت ضمانت دی گئی تھی اور دفعہ 437 کے پروویژن کی تحقیقات نہیں کی گئیں۔ ایسے میں ان ملزمان کو ضمانت کی بنیاد پر مساوات کا اصول کوئی معنی نہیں رکھتا۔