نئی دہلی: دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے دہلی ایکسائز پالیسی کیس کی ملزم اور بی آر ایس لیڈر کے کویتا کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ خصوصی جج کاویری باویجا نے فیصلہ آٹھ اپریل کو سنانے کا حکم دیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ بیٹے کے امتحان کے پیش نظر کے کویتا کو عبوری ضمانت ملنی چاہیے۔ اس پر ای ڈی نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے معاملے میں کے کویتا کو محض ایک خاتون ہونے کے ناطے ضمانت دینے میں کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی۔ ایجنسی نے مزید کہا کہ اگر انہیں ضمانت مل جاتی ہے تو شواہد اور گواہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
ای ڈی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کے کویتا دہلی شراب گھوٹالے کی ماسٹر مائنڈ تھیں۔ انہوں نے اپنے فون کا ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا اور تفتیش کے دوران پوچھے گئے سوالات کا جواب بھی نہیں دیا۔ نوٹس دینے کے بعد سے کویتا نے اپنے چار فون فارمیٹ کیے تھے۔ ملزمان نے سینکڑوں ڈیجیٹل ڈیوائسز بھی تباہ کر دیں۔ ای ڈی کی جانب سے الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ کے کویتا نے حکومتی گواہ بننے والے شخص کو دھمکی دی کہ وہ اس کے خلاف گواہی نہ دیں۔