نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کا جیل سے باہر نکلنے کا راستہ آسان نظر نہیں آرہا ہے۔ ایسے میں ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے پارٹی میں انتخابی مہم کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ اروند کیجریوال کی غیر موجودگی میں سنیتا کیجریوال عاپ کی ریلیوں کا اہم چہرہ بن رہی ہیں۔
سنیتا کیجریوال لوگوں کے درمیان جا کر بتا رہی ہیں کہ ان کے شوہر اروند کیجریوال کو 'سازش کے تحت' جیل میں ڈالا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سنیتا کیجریوال 27 اپریل یعنی ہفتہ کو ایک روڈ شو 'جیل کا جواب ووٹ سے' کریں گی۔
سنیتا کیجریوال اس میگا روڈ شو کے ذریعے آپ کی انتخابی مہم شروع کریں گی۔ اس لیے سب کی نظریں اس روڈ شو پر لگی ہوئی ہیں۔
سنیتا کیجریوال 27 اپریل بروز ہفتہ مشرقی دہلی لوک سبھا حلقہ میں روڈ شو کریں گی۔ مشرقی دہلی سے عام آدمی پارٹی نے اپنے تیز ترار لیڈر کلدیپ کمار کو لوک سبھا کا ٹکٹ دیا ہے۔ سنیتا کیجریوال کلدیپ کمار کے حق میں ووٹ کی اپیل کریں گی۔
آپ کو بتا دیں کہ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد کلدیپ کمار لگاتار بی جے پی اور مرکزی حکومت پر حملہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ حال ہی میں کلدیپ کمار کو اروند کیجریوال کی حمایت میں کئی ریلیوں اور کینڈل مارچ کی قیادت کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔ سنیتا کیجریوال آپ کے تمام امیدواروں کے حق میں مہم چلائیں گی۔