حیدرآباد:راموجی گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین راموجی راؤ کو آج ان کے اہل خانہ، مداحوں اور گروپ آف کمپنیز کے ملازمین نے نم آنکھوں کے ساتھ الوداع کیا۔ راموجی راؤ کا جسد خاکی، جسے راموجی فلم سٹی کے کارپوریٹ آفس میں سنیچر کو عوام کے آخری دیدار کے لیے رکھا گیا تھا، آج صبح ان کے گھر لے جایا گیا، جہاں پولیس کی جانب سے انہیں سلامی پیش کی گئی۔
اس کے بعد راموجی راؤ کے جسد خاکی کو پھولوں سے سجے ایک رتھ پر رکھا گیا۔ بعد ازاں ان کی رہائش گاہ سے ان کا آخری سفر شروع ہوا۔ اس دوران جسد خاکی کے ساتھ موجود ان کے ارکان خاندان بہت جذباتی نظر آئے۔ ان کا یہ آخری سفر راموجی گروپ آف کمپنیز کے دفاتر سے ہوکر گزرا۔ ای ٹی وی بھارت، ای ٹی وی اور ایناڈو کے دفاتر میں کام کر رہے ملازمین نے اپنے سرپرست کو جذباتی ماحول میں آخری الوداع کہا۔ یہ وہ ادارے ہیں جسے انہوں نے اپنی انتھک محنت سے قائم کیا۔
آخری سفر کے دوران رتھ پر راموجی راؤ کے صاحبزادے اور ایناڈو کے ایم ڈی سی ایچ کرن، ان کی بہو شیلجا کرن، وجے شوری، پوتیوں سہاری، برہتی، دیویجا، کیرتی، سوہانا، پوتے سُجے سمیت خاندان کے دیگر افراد موجود رہے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ چیف جسٹس جسٹس این وی رمنا، تلنگانہ کے وزیر تملا ناگیشورا راؤ، سابق مرکزی وزیر، ایم ایل اے سوجنا چودھری اور دیگر نامور شخصیات بھی ان کے آخری سفر کے دوران رتھ پر موجود تھے۔