نئی دہلی: حکومت چار سال کی تاخیر کے بعد 2025 میں مردم شماری شروع کرے گی۔ پیر کو ذرائع نے بتایا کہ یہ عمل 2025 میں شروع ہوگا اور 2026 تک جاری رہنے کی امید ہے۔ ذرائع کے مطابق لوک سبھا سیٹوں کی حد بندی مردم شماری کے بعد شروع ہوگی اور یہ عمل 2028 تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
یہ پیش رفت کئی اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ذات پات کی مردم شماری کے مطالبے کے درمیان ہوئی ہے۔ تاہم، حکومت نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور مردم شماری کے عمل کی تفصیلات کو ابھی تک عام نہیں کیا ہے۔
قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے عام طور پر ہر دس سال بعد کی جانے والی مردم شماری 2021 کے لیے مقرر تھی، لیکن کووِڈ وبائی مرض کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔
جانکاری کے مطابق دس سال میں ہونے والی اگلی مردم شماری اب 2035 میں ہوگی۔ اب تک ہر دس سال بعد مردم شماری 1991، 2001، 2011 کی طرح دہائی کے آغاز میں ہوتی تھی لیکن اب 2025 کے بعد اگلی مردم شماری 2035، 2045، 2055 اس طرح ہوگی۔
مذہب اور سماجی طبقے کا سروے:
آنے والی مردم شماری میں مذہب اور سماجی طبقے کے عمومی سروے کے ساتھ ساتھ جنرل، درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کی گنتی کی توقع ہے۔ تاہم، ذرائع بتاتے ہیں کہ اگلے سال کی مردم شماری میں جنرل اور ایس سی-ایس ٹی زمروں میں ذیلی برادریوں کا بھی سروے کیا جا سکتا ہے۔