اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

بلڈوزر جسٹس: اب تک بے شمار گھروں پر چل چکا ہے بلڈوزر، کیا ان سب کے ساتھ انصاف ہوگا؟ - Supreme Court on bulldozer action - SUPREME COURT ON BULLDOZER ACTION

سپریم کورٹ میں جمعیت علماء ہند، جماعت اسلامی ہند اور دیگر کی عرضیوں پر سپریم کورٹ نے بلڈوزر جسٹس کے خلاف فیصلہ سنایا۔ اس فیصلے سے ممکن ہے آئندہ اس بے لگام کارروائی پر لگام لگ جائے لیکن سوال یہ ہے کہ اب تک جن لوگوں کے گھر منہدم کر دیے گئے، ان کے معاملے میں کیا ہوگا؟َ متاثرین کی ایک لمبی فہرست ہے جو انصاف کے منتظر ہیں۔ صحافی عبد المقیت کی خاص رپورٹ پڑھیے۔۔۔

SUPREME COURT ON BULLDOZER ACTION
بلڈوزر جسٹس (Photo: X@ShayarImran)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 3, 2024, 1:01 PM IST

حیدرآباد: 'بلڈوزر جسٹس' کے متنازعہ طرز عمل کی سخت سرزنش کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ جائیدادوں کے انہدام کو کنٹرول کرنے والے پین انڈیا بنیادوں پر رہنما اصول وضع کرے گی۔ عدالت عظمیٰ نے سوال کیا کہ ایک مکان کو صرف اس لیے کیسے گرایا جا سکتا ہے کہ وہ فوجداری کیس کے ملزم کا ہے۔

جسٹس بی آر گاوائی اور کے وی وشواناتھن پر مشتمل بنچ نے اس بات پر زور دیا کہ اس عمل کو ہموار کیا جانا چاہئے اور مزید کہا کہ "ایک بے قصور باپ کا بیٹا ہو سکتا ہے یا اس کے برعکس دونوں کو ایک دوسرے کے جرم کی سزا نہیں دی جانی چاہیے"۔

عدالت عظمیٰ ان شکایات سے متعلق ایک معاملے کی سماعت کر رہی تھی کہ بعض جرائم کے ملزمین کی جائیدادیں مسمار کر دی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ پورے ہندوستان کی بنیاد پر کچھ رہنما خطوط مرتب کرنے کی تجویز پیش کرتا ہے تاکہ عدالت کے سامنے اٹھائے گئے مسائل کے بارے میں خدشات کو پورا کیا جاسکے۔ اس نے اس معاملے میں شامل فریقین سے بھی کہا کہ وہ اپنی تجاویز پیش کریں۔

عدالت کے اس فیصلے کا کئی سیاسی رہنماؤں اور تنظیموں نے استقبال کیا۔ اس حوالے سے مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ گائیڈ لائن کا فیصلہ خوش آئند، حتمی فیصلہ بھی مظلومین کے حق میں ہوگا۔ مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا کہ بلڈوزر سے انصاف نہیں بلکہ انصاف کا قتل ہوتا ہے۔ سماجی کارکن ندیم خان نے کہا کہ آٹھ دس برسوں میں پہلی بار دو بلڈوزر ناانصافی کے شکار سپریم کورٹ گئے ہیں۔

وہیں مایاوتی نے بلڈوزر جسٹس کو غلط قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ قانون مجرموں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مجرموں کو ان کے جرائم کی سزا ان کے اہل خانہ اور قریبی لوگوں کو نہیں ملنی چاہیے۔ ہماری سابقہ حکومت نے قانون کے ذریعے قانون کی حکمرانی قائم کر کے دکھایا تھا۔

سرکاروں کی سرپرستی میں ہوئے بلڈوزر ایکشن پر ایک نظر...

  • ادے پور تشدد: ملزم طالب علم کا گھر بلڈوزر سے گرادیا گیا:

ادے پور میونسپل کارپوریشن نے ہفتہ کے روز دسویں جماعت کے ایک طالب علم کے گھر کو مسمار کر دیا، جس پر جمعہ کو اپنے ہم جماعت پر چاقو سے حملہ کرنے کا الزام ہے۔ ملزم طالب علم کا گھر، جو مبینہ طور پر جنگل کی زمین پر بنایا گیا تھا، خالی کر دیا گیا تھا اور بجلی کا کنکشن بھی گرانے سے پہلے ہی منقطع کر دیا گیا تھا۔ میونسپل کارپوریشن اور محکمہ جنگلات کی جانب سے مکان پر نوٹس چسپاں کرنے کے بعد انہدام کی مہم شروع ہوئی۔

  • اندور میں اسلام پٹیل کے فارم ہاؤس پر بلڈوزر کاروائی:

ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں انتظامیہ نے غیر قانونی طریقے سے تعمیر تقریبا 25 کروڑ قیمت کے عالی شان فارم ہاؤس کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کر دیا۔ اندور انتظامیہ نے بائی پاس پر اسلام پٹیل کے علی شان فارم ہاؤس پر بلڈوزر کاروائی کرتے ہوئے زمین دوز کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ سیلنگ کی زمین پر ناجائز قبضہ کرکے غیر قانون طریقے سے تعمیر کیا ہوا فارم ہاؤس تھا، جس کو اسلام پٹیل نامی شخص نے تعمیر کیا تھا۔ نوٹس ملنے کے باوجود جب معقول جواب نہیں ملا تو بلڈوزر کاروائی کرکے فارم ہاؤس کو زمین دوز کر دیا گیا۔

  • اتراکھنڈ میں سید بابا روشن علی شاہ درگاہ کو منہدم کر دیا گیا:

ریاست اتراکھنڈ کے ضلع ہریدوار میں واقع سید بابا روشن علی شاہ درگاہ کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ درگاہ بہادرآباد گنگہر ٹریک پر محکمۂ آبپاشی کی جائیداد پر تعمیر کی گئی تھی۔ درگاہ کے منہدم ہونے کے بعد مسلم کمیونٹی کے لوگوں نے اس کی مخالفت کی۔

  • باندہ میں مختار انصاری کے دو قریبیوں کے مکان مسمار کر دیے گئے:

اترپردیش کے ضلع باندہ کے کوتوالی نگر تھانہ علاقے میں لیڈر مختار انصاری کے دو قریبی افراد کے مکانات کو ضلع انتظامیہ نے منہدم کر دیا۔ ایس پی ابھینندن نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ باندہ شہر کے علی گنج محلہ کے رفیق نرسنگ ہوم کے نزدیک باشندہ رفیق الدین اور ضلع پریشد چورہا باشندہ افتخار احمد کو مختار انصاری کا انتہائی قریبی اور مددگار پایا گیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ رفیق الدین مختار کو لاجسٹک سپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کرتا تھا۔ جبکہ افتخار ان کے کنبے اور دیگر افراد کے رہنے کا انتظام کرتا تھا۔

  • یوپی انتظامیہ نے مختار انصاری کے بیٹے عباس انصاری کا گھر منہدم کر دیا:

ریاست اترپردیش کے مئو میں جمعہ کو مختار انصاری کے بیٹے ایم ایل اے عباس انصاری اور عمر انصاری کی 2 منزلہ عمارت پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔ تین تھانوں کی فورسز سمیت ایک کمپنی پی اے سی کی موجودگی میں تھانہ دکشنٹولا علاقے کے جہانگیر آباد میں واقع عباس انصاری کے مکان کو منہدم کر دیا گیا۔ اس 2 منزلہ گھر کی قیمت تقریباً 80 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔ یہ کارروائی ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر کی گئی ہے۔

  • عتیق احمد کے قریبی خالد ظفر کے گھر بلڈوزر چلایا گیا:

امیش پال کے قتل کے الزام میں گرفتار سابق رکن پارلیمان عتیق احمد کے قریبی ساتھی کے گھر آج پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کی جانب سے کارروائی کی گئی۔ یہ کارروائی دھوم گنج علاقے میں عتیق احمد کے قریبی دوست خالد ظفر کے گھر کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ ٹیم نے کچھ دیر کارروائی کی۔ اس کے بعد گھر پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔

  • ایودھیا گینگ ریپ: ایس پی رہنما معید خان کے خلاف کاروائی:

ایودھیا گینگ ریپ معاملے میں یوگی حکومت نے سخت کارروائی کی ہے۔ کیس کے مرکزی ملزم سماج وادی پارٹی کے لیڈر معید خان کے خلاف بڑی کارروائی شروع کر دی گئی۔ انتظامیہ کی ٹیم نے ان کی بیکری پر چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ اس بیکری پر بلڈوزر بھی چلا دیا گیا ہے۔

  • لکھنؤ کے اکبر نگر میں انہدامی کاروائی:

لکھنؤ میں اکبر نگر کے رہائشیوں کا درد ایک طرف اور دو مدرسوں کے بانی کا غم ایک طرف ہے۔ مدرسہ اہل سنت نور الاسلام کے بانی قاری روشن علی قادری نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے سخت مایوسی کا اظہار کیا اور انہوں نے مدرسے کی لائبریری کلاس روم بچوں کے لیے کیے گئے انتظامات کو دکھایا اور کہا کہ یہ چار منزلہ عمارت اور مدرسہ فاطمۃ الزہرا للبنات محمدیہ مسجد کی عمارت تقریبا 10 کروڑ میں تعمیر کروایا تھا۔ یہ عوام نے چندہ دیا تھا اور اسی چندے کے ذریعے 25 سال قبل اس کی بنیاد رکھی تھی لیکن اب جب اس پر بلڈوزر کا انہدامی کاروائی کی جانے سے سخت بے چینی مایوسی اور صدمے کا شکار ہوں۔

  • اولمپک میڈل جیتنے والی منو بھاکر کے کوچ کے گھر پر بلڈوزر ایکشن:

ایل اینڈ ڈی او (ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس) نے دارالحکومت کے سول لائنز علاقے کے خیبر علاقے میں یہ کارروائی کی ہے۔ اس سے قبل حکام کی جانب سے مکان خالی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کارروائی میں پیرس اولمپکس 2024 میں تمغہ جیتنے والی منو بھاکر کے کوچ سمریش جنگ کے گھر کو بھی مسمار کر دیا گیا۔

  • اعظم خان کے ریزورٹ پر بلڈوزر کارروائی:

سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اعظم خان اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات ختم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے اعظم خان خاندان کے نجی ہمسفر ریزورٹ کمپلیکس میں کارروائی کی ہے۔ انتظامیہ کی ٹیم ایس ڈی ایم صدر مونیکا سنگھ اور سی او روی کھوکھر کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ بلڈوزروں کے ساتھ ہمسفر ریزورٹ پہنچی اور بیرونی دیوار کو توڑنے کے بعد کمپلیکس میں بنی عمارت کو بھی منہدم کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ہمسفر ریزورٹ کی حدود میں اوور ہیڈ واٹر ٹینک کے حوالے سے بھی کارروائی کی گئی۔

  • احمدآباد میونسپل کارپوریشن نے مدنی مسجد پر بلڈوزر چلایا:

ریاست گجرات کے احمدآباد کے رکھیال میں واقع ٹرسٹ کی نجی زمین پر زیر تعمیر مدنی مسجد کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے احمدآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بلڈوزر کارروائی کی گئی۔کارپوریشن کی اس کارروائی کی وجہ سے مقامی مسلمانوں میں سخت ناراضگی ہے۔

  • کانگریس کے علاقائی رہنما کی شکایت پر بھنڈی بازار میں بھی بلڈوزر کارروائی:

ریاست مہاراشڑ کے ممبئی میں واقع میرا روڈ بلڈوزر کارروائی ہر سو موضوع بحث ہے۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں کارروائی یکطرفہ ہوئی یہ بھی جگ ظاہر ہے کیونکہ مختلف مقامات پر مذہبی نعرہ بازی کے ساتھ مبینہ طور پر اکسانے کا بھی کام کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ممبئی کے محمد علی روڈ علاقے میں ہی سلیمان عثمان مٹھائی والے کی دکان کے باہر بھی بلڈوزر چلایا گیا۔ اس کے علاوہ اُن سبھی کے دکانیں اس کی زد میں آئی جنہوں نے بارش اور دھوپ سے بچنے کے لیے پلاسٹک کا استعمال کیا ہے۔ دکانداروں پر غیر قانونی طور پر تجاوزات کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے بھی کارروائیاں ہوئی ہیں لیکن بلڈوزر لیکر بی ایم سی کے ذریعے یہ پہلی کارروائی ہے۔

  • میرا روڈ میں مسلمانوں کی دکانوں پر بلڈوزر کارروائی:

ریاست مہاراشٹر کے ممبئی کے میرا روڈ کے نیا نگر علاقے میں بلڈوزر سے متعدد دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔ 22 جنوری کو رام مندر کی پران پرتشٹھا کی تقریب میں مبینہ طور پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔اس کے بعد ہی مہاراشٹر حکومت کی ہدایات کے بعد یہاں کارروائی کی گئی۔

  • چھتیس گڑھ میں قتل کے ملزم ایاز خان کے گھر پر چلا بلڈوزر:

لال پور میں سدھارام یادو قتل کیس میں انتظامیہ اور پولیس نے قتل کے ملزم ایاز خان کے گھر پر بلڈوزر چلا دیا۔ ریاست میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد اس طرح کی یہ پہلی کارروائی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے تجاوزات اور ملزمین کے گھروں پر بلڈوزر استعمال کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ حکومت بنتے ہی چھتیس گڑھ کے کئی اضلاع میں غیر قانونی تجاوزات پر انتظامیہ کا بلڈوزر چلا دیا گیا۔

  • بی جے پی کارکن پر حملے کا الزام، ایم پی میں فاروق رائین کے گھر پر بلڈوزر چلا:

مدھیہ پردیش کے نئے وزیر اعلیٰ موہن یادو کی حکومت بنتے ہی مدھیہ پردیش میں ایک ملزم کا گھر توڑنے کے لئے بلڈوزر کا استعمال کیا گیا۔ بی جے پی کارکن کی ہتھیلی کاٹنے کے الزام میں فاروق رائن نامی شخص کے گھر پر بلڈوزر کا استعمال کیا گیا ہے۔

  • مدھیہ پردیش کے ضلع آگر مالوا میں بلڈوزر کارروائی:

ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع آگر مالوا کی تحصیل نلکھیڑا میں مسلم نوجوان کے ذریعے سوشل میڈیا پہ ڈالی گئی پوسٹ کے خلاف ہندو تنظیموں نے ہنگامہ برپا کر دیا۔ اس کے بعد ان ہندو تنظیموں نے نلکھیڑا تھانے کا گھیراؤ کر کے خطاوار جاوید کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ شروع کیا۔

اس کے بعد ماحول کو گرماتا دیکھ حالات کو کو قابو میں لینے کے لیے ضلع سے پولیس کا بڑا دستہ نلکھڑا کے لیے روانہ کیا گیا۔ حالانکہ پولیس کے ذریعے خطاوار کے خلاف انڈین پینل کورٹ کی دفعہ 295 A اور ائی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67 کے تحت معاملہ درج کر اسے رات میں ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اور اس کے گھر پر بلڈوزر چلا دی گئی۔

  • میوات میں فرقہ وارانہ تشدد کے بعد یکطرفہ بلڈوزر کاروائی:

جمعیۃ علماء ہند نے اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں الزام لگایا کہ ہریانہ پولس قانون وانصاف دونوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک مخصوص طبقے کے لوگوں کی اندھا دھند گرفتاریاں کرکے، اس پورے علاقہ میں خوف ودہشت کاماحول پیدا کرنا چاہ رہی ہے۔ صدر جمعیتہ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کے حکم پر میوات پہنچے مولانا راشد قاسمی نے کہا جگہ جگہ تلاشیاں ہو رہی ہیں اور گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا سب سے بڑی حیرت کی بات یہ ہے کہ ضلع افسران یکطرفہ کارروائی و بلڈوزر سے مکانوں کو توڑ کر عوام میں ڈر پیدا کر رہے ہیں۔

  • تین منزلہ ہوٹل پر چلا بلڈوزر، نوح تشدد کے دوران ہوٹل کی چھت سے پتھر پھینکنے کا الزام:

نوح تشدد کے بعد ضلعی انتظامیہ ان عمارتوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جہاں سے پتھر پھینکنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ نوح میں اتوار کی صبح سہارا ریسٹورنٹ پر بلڈوزر چلایا گیا۔ سہارا ریسٹورنٹ کی تین منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی ہے۔ دراصل 31 جولائی کو برج منڈل شوبھا یاترا کے دوران دو گروپوں کے درمیان تشدد کے دوران اس ہوٹل سے پتھراؤ کا الزام تھا۔

  • اجین میں مہاکال کی سواری پر تھوکنے والوں کے مکان پر بلڈوزر کاروائی:

ریاست مدھیہ پردیش کے مہا کالیشور مندر کی ہر سال نکلنے والی شاہی سواری پر اقلیتی طبقے کے ایک مکان سے تھوکنے اور کلا کرنے والوں کے مکان پر بلڈوزر کاروائی کی گئی۔ اجین کھارا کوا تھانہ علاقے سے پیر کے روز نکلنے والی محکال کی شاہی سواری پر اقلیتی طبقے کے ایک مکان سے تھوکنے اور کلا کرنے کے الزام نے پولیس نے تین لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ جلوس میں شامل عقیدت مندوں نے شکایت درج کروائی تھی۔اور ساتھ ہی مطالبہ کیا تھا کہ ان لوگوں کے مکانوں پر بلڈوزر کاروائی کی جائے ۔

  • نابالغ کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والوں کے مکان پر چلا بلڈوزر:

ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور کے قریب کھوڑیل تھانہ علاقے میں گزشتہ روز جمعرات کو نابالغ کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کا معاملہ پیش آیا تھا۔ متاثرہ کی ماں جب گھر لوٹی تو لڑکی نے پورا معاملہ اپنی ماں کو بتایا۔ اس پر متاثرہ کی ماں اور کنبے کے دیگر افراد پولیس تھانے پہنچ کر تحریر درج کرائی۔ اس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں کی تلاش شروع کر دی کچھ ہی وقفے کے بعد سب کو گرفتار کر لیا گیا۔ وہیں غیر قانون طریقے سے تعمیر ایک بدمعاش کے مکان پر بلڈوزر کارروائی کی گئی ہے۔

  • ملزم بی جے پی لیڈر کے گھر پر بلڈوزر چلا:

ریاستی حکومت کے حکم پر قبائلی نوجوان پر پیشاب کرنے والے ملزم بی جے پی لیڈر پرویش شکلا کی رہائش گاہ پر غیر قانونی تجاوزات کو منہدم کر دیا گیا ہے۔ ملزم کو منگل کے روز ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، جس میں وہ ایک شخص پر پیشاب کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

عدالت اعظمی نے بلڈوزر جسٹس پر فیصلہ ضرور سنایا ہے لیکن کیا اب تک ملک بھر میں ہوئے بلڈوزر کاروائی کے مظلومین کو انصاف ملے گا؟ کیا ان کا آشیانہ دوبارہ تعمیر کروایا جائے گا یا کم از کم انتظامیہ سے متاثرین کو معاوضہ دلایا جائے گا؟ ابھی ان تمام سوالوں کا کوئی جواب نہیں ہے کیوں کہ عدالتی فیصلے میں اس پہلو پر غور و خوض نہیں کیا گیا ہے، مگر سپریم کورٹ کے فیصلے سے کچھ امید ضرور جگی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

سپریم کورٹ کی بلڈوزر جسٹس پر سخت برہمی، ملکی سطح پر گائیڈ لائنز تیار کرنے کی ہدایت

قانون مجرموں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بلڈوزر کا استعمال غلط: مایاوتی

ABOUT THE AUTHOR

...view details