نوگاؤں(آسام): کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگوں نے آج آسام میں 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' پارٹی کے لوگوں پر حملہ کیا لیکن ہم اس طرح کے حملے سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ بی جے پی بھارت جوڑو نیائے یاترا سے خوفزدہ ہیں۔
کانگریس صدر کھڑگے نے یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی کانگریس صدر پر آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے کہنے پر حملہ ہوا ہے لیکن وہ ڈرنے والے نہیں ہیں۔ وہ کانگریس کے مضبوط کارکن ہیں اور ہم ایسے حملوں سے نہیں ڈرتے۔
وزیر اعلیٰ سرما پر سخت حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ''میری بلی مجھی سے میاؤں۔ ہمارے پاس جو بلی تھی وہ آج ہمیں میاؤں کر رہی ہے۔ ہم نے ایسے بہت سے لوگوں کو دیکھا ہے۔ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ کانگریس کسی سے نہیں ڈرتی۔ ہمارے لوگوں کو ملک کے لیے پھانسی دی گئی ہے۔ ہم نے انگریزوں کو بھگا یا۔ ہم انگریزوں سے نہیں ڈرے تو کیا بی جے پی سے ڈریں گے؟
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’محبت کی دکان سبھی کے لیے کھلی ہے، ہندوستان متحد ہوگا، ہندوستان جیتے گا۔‘‘ آج کچھ بی جے پی کارکن جھنڈا لے کر ہماری بس کے سامنے آئے۔ میں بس سے باہر نکلا اور وہ بھاگ گئے۔ وہ کیا سمجھتے ہیں کہ ہم بی جے پی سے ڈرجائیں گے؟ ہمارے جتنے پوسٹر چاہیں پھاڑ دو، جتنے چاہے ہمارے پمفلٹ پھاڑ دو، ہمیں کوئی پرواہ نہیں۔ یہ ہمارے نظریے کی لڑائی ہے، ہم کسی سے نہیں ڈرتے۔ نہ نریندر مودی سے اور نہ ہی آسام کے وزیر اعلیٰ سے۔