تھانے: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی گنپت گایکواڑ نے مبینہ طور پر شیو سینا (ایکناتھ شندے) کے گروپ کے رہنما مہیش گائیکواڑ پر گولی چلا دی۔ مبینہ طور پر یہ واقعہ جمعہ کی رات الہاس نگر کے ہل لائن پولیس اسٹیشن میں پیش آیا۔ ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ مہیش گائیکواڑ اور ان کے ایک حامی کو پانچ گولیاں لگیں۔
اطلاعات کے مطابق جمعہ کو ہل لائن پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر انیل جگتاپ کے ہال میں بی جے پی رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ اور سٹی چیف مہیش گائیکواڑ کے درمیان بات چیت ہو رہی تھی کہ اسی دوران بی جے پی رکن اسمبلی گنپت گایکواڑ کے حامیوں نے جھڑپ کی اور مہیش گائیکواڑ پر گولی چلا دی۔ شیو سینا کے رکن اسمبلی مہیش گائیکواڑ اس واقعے میں بری طرح زخمی ہوئے ہیں اور ان کا تھانے کے جوپیٹر اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
ڈی سی پی سدھاکر پاٹھارے نے کہا کہ "مہیش گائیکواڑ اور گنپت گائیکواڑ کے درمیان کسی بات پر اختلاف ہوا، اور وہ شکایت کرنے پولیس اسٹیشن آئے تھے کہ اسی دوران گنپت گائیکواڑ نے مہیش گائیکواڑ اور ان کے حامیوں پر گولی چلا دی۔ اس میں دو لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ تفتیش جاری ہے۔"