گوہاٹی: آسام حکومت کے آسام مسلم میرج اینڈ طلاق رجسٹریشن ایکٹ کو منسوخ کرنے کے اقدام پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما وارث پٹھان نے الزام عائد کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت 'مسلم مخالف' ہے اور وہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے ووٹوں کو پولرائز کرنا چاہتی ہے۔
وارث پٹھان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ "بی جے پی حکومت مسلم مخالف ہے، آسام میں ہمنتا بسوا سرما جو قانون لائے تھے وہ آئین کے آرٹیکل 25، 26 اور 28 کی خلاف ورزی ہے، یہ بنیادی حق ہے، ہر کسی کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا حق ہے"۔ انہوں نے کہا کہ "بی جے پی حکومت مسلمانوں سے نفرت کرتی ہے... وہ ہمارے کھانے پینے کی عادات سے نفرت کرتی ہے۔ پہلے انہوں نے تین طلاق پر قانون لایا، اور اب مسلم شادیوں کے خلاف قانون... آسام میں مختلف قانون کی کیا ضرورت ہے؟ وہ ووٹوں کو پولرائز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں"۔
دریں اثناء اے آئی ڈی یو ایف کے سربراہ بدرالدین اجمل نے حکومت کے اقدام پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ " بی جے پی حکومت مسلمانوں کو بھڑکا کر اپنے ووٹوں کا پولرائزیشن کرنا چاہتی ہے۔ مسلمان ایسا نہیں ہونے دیں گے... یہ یکساں سول کوڈ آسام میں لانے کی طرف پہلا قدم ہے۔ لیکن اس کے ذریعے آسام میں بی جے پی کی حکومت کا خاتمہ ہوگا۔