بنگلورو: کرناٹک اسٹیٹ ریلوے پولیس نے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا ہے جس نے شادی کی ایک ویب سائٹ پر جعلی اکاؤنٹ بنا کر خواتین کو یہ باور کرایا کہ وہ کسٹم افسر ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت راجستھان میں مقیم 45 سالہ نریش پوری گوسوامی کے طور پر کی گئی ہے۔
ملزم نے شادی کی ویب سائٹ پر پون اگروال کے نام سے پروفائل بنایا تھا۔اس نے خود کو کوئمبٹور کی ایک مطلقہ خاتون سے کسٹم افسر کے طور پر متعارف کرایا تھا۔ بعد میں اس نے خاتون کے والدین کو شادی کی بات چیت کے لیے 14 جنوری کو بنگلورو بلایا۔ ریلوے اسٹیشن پر ملزم نے ان سے کہا کہ مجھے ٹکٹ بک کروانا ہے۔ میں نے اپنا پرس گھر پر چھوڑ دیا ہے۔ اور اس نے ان سے 10,000 روپے اس یقین سے لے لیے تھے کہ وہ گھر آنے کے بعد رقم واپس کر دے گا۔ بعد ازاں ٹکٹ بک کروانے کے بعد اس نے فون بند کر دیا اور وہاں سے غائب ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون کے والدین نے ملزم کے دھوکہ دہی کے بارے میں ریلوے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔
ریلوے پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم بنگلورو کے کاٹن پیٹ میں کپڑے کی دکان میں کام کرتا تھا۔ اس نے بلاک میں پری ایکٹو سم کارڈ خریدے تھے۔ وہ اخبارات کے اشتہار میں نظر آنے والی خواتین کے موبائل نمبر پر بات کرتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ خود کو بنگلورو ہوائی اڈے پر ایک کسٹم افسر کے طور پر پیش کر رہا تھا اور نام پون اگروال بتا رہا تھا۔ اس کے علاوہ وہ خواتین کو جعلی بائیو ڈیٹا اور جعلی تصویر بھیج رہا تھا۔