کولکاتا:مغربی بنگال میں آر جی کار میڈیکل کالج میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کیس کو لے کر مسلسل احتجاج جاری ہے۔ آج منگل کو بھی کولکتہ کے جونیئر ڈاکٹر لالبازار علاقے میں احتجاجی مقام پر بیٹھے ہیں۔ یہ لوگ 9 اگست کو پیش آنے والے واقعے کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اسمبلی کا دو روزہ خصوصی اجلاس بلایا ہے۔ اس اجلاس میں ممتا بنرجی کی جانب سے اینٹی ریپ بل پیش کیا جائے گا۔ اس بل میں عصمت دری کے ملزم کو 10 دن کے اندر سزائے موت دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ عصمت دری اور اجتماعی عصمت دری کے مجرموں کو بغیر پیرول کے عمر قید کی سزا کا بھی نظم ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر یہ بل راج بھون سے منظور نہیں ہوا تو وہ احتجاج کریں گی۔ معلومات کے مطابق 'اپراجیتا ویمن اینڈ چلڈرن بل (مغربی بنگال فوجداری قانون اور ترمیم) بل 2024' کے نام سے پیش کیے گئے اس بل کا مقصد عصمت دری اور جنسی جرائم سے متعلق نئی دفعات متعارف کر کے خواتین اور بچوں کی حفاظت کو مضبوط بنانا ہے۔آپ کو بتا دیں کہ ریاستی وزیر قانون مالے گھٹک اس بل کو ایوان میں پیش کریں گے۔