نئی دہلی: آج جے پی سی چیئرمین جگدمبیکا پال کی دعوت پر آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور تفصیل سے وقف ترمیمی بل پر اپنے اعتراضات اور اشکالات سے انہیں واقف کرایا۔ وفد کی قیادت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کی اور اس میں بورڈ کی جانب سے لیگل کمیٹی کے دو معزز رکن بورڈ سینئر ایڈوکیٹ ایم آر شمشاد، ایڈوکیٹ فضیل احمد ایوبی، دیگر ارکان بورڈ میں سابق مرکزی وزیر جناب کے رحمٰن خان، مولانا ابوطالب رحمانی، مولانامطیع الرحمٰن مدنی اور آفس سکریٹری ڈاکٹر محمد وقار الدین لطیفی کے علاوہ ایم ایل سی بہار جناب ڈاکٹر خالد انور بھی شامل تھے۔
وفد نے تفصیل سے ایک ایک ترمیم پر اپنے اعتراضات درج کروائے۔ وفد نے کہا کہ بل میں نہ صرف وقف بورڈکے اختیارات کو کم کیا گیا ہے بلکہ تمام اہم فیصلوں کا اختیار کلکٹر کے حوالے کردیا گیاہے۔ وقف بائی یوزر کی شق کو سرے سے نکال کر مساجد، قبرستان اور درگاہوں پر قبضوں کی راہ کو آسان کردیا ہے۔