نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے وزیر سوربھ بھردواج نے گریٹر کیلاش کے علاقے میں 'کیجریوال کو رہا کرو' کا نعرہ بلند کرتے ہوئے 'تھالی بجاؤ مہم' میں حصہ لیا۔ اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال منگل کی شام کو عآپ کے سربراہ سے ملاقات کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ (ای ڈی) کے دفتر پہنچیں۔
راؤس ایونیو کورٹ نے جمعہ کو کیجریوال کو مبینہ شراب پالیسی اسکام کیس سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں 21 مارچ کو گرفتاری کے بعد 28 مارچ تک ای ڈی کی چھ دن کی تحویل میں دے دیا۔ قبل ازیں ہفتہ 23 مارچ کو سنیتا کیجریوال نے ای ڈی کے دفتر میں وزیر اعلی کیجریوال سے ملاقات کی تھی۔ دریں اثناء بی جے پی مطالبہ کرتی رہی ہے کہ کجریوال شراب پالیسی کیس کے سلسلے میں گرفتاری کے بعد وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں۔ تاہم عام آدمی پارٹی نے برقرار رکھا ہے کہ وہ ای ڈی کی حراست سے حکومت چلائیں گے۔
دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھردواج نے کہا کہ وزیراعلی کیجریوال نے ای ڈی کی تحویل سے دوسرا حکم جاری کیا ہے، جس میں ان سے قومی دارالحکومت کے محلہ کلینک اور اسپتالوں میں ادویات اور تشخیصی ٹیسٹوں کی کمی کو دور کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس سے پہلے کیجروال نے آبی وزیر آتشی کو دہلی میں پانی اور سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔