نئی دہلی:سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے تقریباً 21 سابق ججوں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ کو لکھے گئے خط میں 'عدلیہ پر دباؤ ڈالنے اور اسے کمزور کرنے' کی مبینہ کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سابق ججوں نے خط میں چیف جسٹس چندرچوڑ کی قیادت والی عدلیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس طرح کے دباؤ کے خلاف مضبوط ہو اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ہمارے قانونی نظام کی حرمت اور خودمختاری کو محفوظ رکھا جائے۔
جسٹس چندرچوڑ کو بھیجے گئے خط پر دستخط کرنے والوں میں سپریم کورٹ کے چار سابق جج جسٹس دیپک ورما، جسٹس کرشنا مراری، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس ایم آر شاہ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ باقی 17 دستخط کنندگان میں مختلف ہائی کورٹس کے سابق جج شامل ہیں۔
سابق ججوں نے اپنے خط میں کہا کہ "ہمیں غلط اطلاعات کے ہتھکنڈوں اور عدلیہ کے خلاف عوامی جذبات کو بھڑکانے کی کوششوں پر خاص طور پر تشویش ہے۔ یہ کوششیں نہ صرف غیر اخلاقی ہیں بلکہ ہماری جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔"