امپھال: کانگریس کی قیادت میں منی پور میں دس اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماوں نے اتوار کو منی پور وزیر اعلی این بیرن سنگھ پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کل جماعتی اجلاس منعقد کروائیں تاکہ شمال مشرقی ریاست میں طویل نسلی تشدد کے تنازع کو حل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
منی پور کے تین بار کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس کے بزرگ رہنما اوکرم ایبوبی سنگھ کی قیادت میں 10 پارٹیوں کے رہنماؤں نے وزیر اعلی بیرن سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ریاست کے وزیر اعلی کے طور پر سیاسی ایگزیکٹو کے سربراہ ہونے کی وجہ سے "منی پور میں تنازع کا حل تلاش کرنے کے لیے وزیر اعظم کو راضی کرنے کی ذمہ داری آپ پر عائد ہوتی ہے"۔
دس سیاسی پارٹیوں نے وزیر اعلیٰ کو ایک مشترکہ دستخط شدہ خط میں کہا کہ"ہم وزیر اعظم کی توجہ موجودہ بحران کی طرف مبذول کرانے کی آپ کی کوششوں میں آپ کے ساتھ ہیں"۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کی پیچیدگیوں پر غور کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی فعال شمولیت کے بغیر مسئلہ کا حل تلاش کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ فریقین نے کہا کہ صرف حکومت ہند تنازعہ میں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لا سکتی ہے اور ایسا حل نکال سکتی ہے جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔