نئی دہلی: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادانوم گیبریئس نے چینی حکومت کے اس اعتراف کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے یہ واضح کیا ہے کہ چین میں 8 دسمبر سے 12 جنوری کے درمیان تقریباً 60,000 افراد کی کووِڈ بیماری کے نتیجے میں موت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ کووڈ وائرس کے حوالے سے بھی معلومات طلب کی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ڈائریکٹر وزیر ما شیاؤوی سے ملک میں COVID-19 کی صورتحال کے بارے میں بھی بات کی۔
ادانوم گیبریئس نے کہا، "میں تفصیلی معلومات جاری کرنے کی تعریف کرتا ہوں، اس کے علاوہ جس رپورٹ کی ہم درخواست کررہے ہیں وہ ہمیں شیئر کیا جانا چاہئے۔ اور وائرس کی اصل وجہ کو سمجھنے کے لیے مزید ہم سے رابطہ رکھیں اور اور تعاون کریں۔"
مزید پڑھیں:
چینی حکام نے ڈبلیو ایچ او کو معلومات فراہم کرنے کے بعد، ایک پریس کانفرنس میں متعدد موضوعات پر بات کی، جن میں آؤٹ پیشنٹ کلینک، ہسپتال میں داخل ہونا، ہنگامی علاج اور اہم دیکھ بھال کی ضرورت والے مریض، اور COVID-19 انفیکشن سے متعلق ہسپتال میں ہونے والی اموات شامل ہیں۔ بعد ازاں ڈبلیو ایچ او نے ایک بیان میں کہا کہ وہ دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 تک کی معلومات کا تجزیہ کر رہا ہے تاکہ کووڈ کے پھیلنے کا پتا لگایا جاسکے۔ واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کی وجہ سے صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوگئی ہے۔
سال 2019 میں چین کے ہی ایک شہر سے کورونا وائرس نمودار ہوا جس نے آناً فاناً پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا اور دنیا کے ہر کونے میں کاروبار زندگی معطل کرکے رکھ دیا۔ اس مہلک ترین وائرس کی وجہ سے نہ صرف لاکھوں جانون کا اتلاف ہوا بلکہ عالمی معیشت بھی ایک غیر روایتی بحران کا شکار ہوگئی۔