حیدرآباد: موسم گرما میں سورج کی تپش اور بہت زیادہ پسینے کا آنا بعض اوقات میں جلد اور بالوں دونوں کے لیے پریشانی کا باعث بن جاتا ہے۔ ایسی صورتحال میں گرمی کے موسم میں بالوں اور جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی قسم کی الرجی کی صورت میں محتاط رہیں اور ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
اگر آپ گرمیوں میں جلد اور بالوں کے مسائل سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنا خاص خیال رکھیں
گرمی کے موسم میں جلد یا بالوں کی صفائی یا ان کی دیکھ بھال میں کوتاہی کئی مسائل کے باعث بن سکتے ہیں۔ درحقیقت اس موسم میں سورج کی روشنی، پسینے کا آنا، ہوا میں نمی کی کمی اور ماحول میں گردو غبار کی زیادتی جلد کے لیے کئی مسائل پیدا کرتے ہیں، جیسے جلد کی الرجی، سن الرجی، کھجلی، جلد کا خشک ہونا، بالوں میں خشکی اور سر پر دانے وغیرہ کا ہونا۔ گرمی کے موسم میں جلد اور بالوں سے متعلق ہونے والے مسائل سے خود کو محفوظ کیسے رکھا جائے اس کو لیکر ای ٹی وی بھارت کی سکھی بھوا ٹیم نے ڈاکٹرز سے بات کی۔
کون سے مسائل زیادہ پریشان کرتے ہیں
اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والی امراض جلد کی ماہر ڈاکٹر آشا سکلانی کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں جلد اور بالوں کا خاص خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے، کیونکہ گرمیوں کے موسم میں سورج کی روشنی، پسینے کا آنا، ماحول میں نمی کی کمی اور گردو غبار کی زیادتی سمیت دیگر کئی عوامل کی وجہ سے بالوں اور جلد میں بہت سے مسائل پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
جلد کے مسائل
وہ کہتی ہیں کہ اس موسم میں جلد سے متعلق کئی طرح کے مسائل آپ کو پریشان کر سکتے ہیں۔ ایسے لوگ جو اپنا زیادہ وقت گھر سے باہر گزارتے ہیں یا کھلے میں یا تیز دھوپ میں رہتے ہیں، ان میں جلد کے مسائل ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اس موسم میں زیادہ پسینہ آنے کی وجہ سے جلد کے مسائل جیسے پھوڑے پھنسی، دانے اور داد کھجلی کے کیسز بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پسینے کی وجہ سے جلد پر خارش بھی ہوتی ہے۔ خارش سے متاثرہ جگہ (جلد) پر سرخ رنگ کے دھبے بھی بن جاتے ہیں، جلد کھردری اور خشک ہوجاتی ہے اور بعض اوقات اس جگہ پر چھوٹے چھوٹے دھبے بھی نمودار ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جلد میں جلن اور درد بھی محسوس کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب جسم میں ایسی بھی جگہیں ہیں جہاں نہ صرف پسینہ زیادہ آتا ہے بلکہ وہاں کا جلد جلدی خشک بھی نہیں ہوپاتا، جیسے رانوں کے درمیان، شرمگاہ کے ارد گرد، ان جگہوں پر گرمی کی وجہ سے کئی مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ درحقیقت یہ جگہیں ہوا کے براہ راست رابطے میں نہیں آتیں اور ایسی حالت میں پسینہ آسانی سے خشک نہیں ہوپاتا۔ جس کی وجہ سے کئی بار ان جگہوں پر فنگل اور بیکٹیریل انفیکشن کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ بہت سے لوگوں کو سن الرجی بھی ہوتی ہے۔ اسے سن لائٹ سینسٹویٹی بھی کہا جاتا ہے۔ اس مسئلے کا شکار لوگوں میں الرجک ری ایکشن دیکھنے کو ملتا ہے۔ چونکہ تیز سورج کی روشنی میں ان کے جلد کا رنگ بدل جاتا ہے، زیادہ تر معاملات میں یہ سیاہ ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے جلد پر دانے یا سرخ دانے بننے شروع ہو جاتے ہیں۔
کیسے کریں بچاؤ
ڈاکٹر آشا کہتی ہیں کہ گرمیوں کے موسم میں تمام لوگوں کو جلد کی صفائی اور پورے جسم کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ تاہم جن لوگوں کی جلد بہت حساس ہے، جنہیں سن الرجی ہے اور جو پہلے سے ہی کسی بیماری میں مبتلا ہیں، خاص طور پر وہ لوگ جو جلد کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ انہیں اس موسم میں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ مسائل سے بچنے کے لیے صفائی کے ساتھ ساتھ خوراک کا بھی خیال رکھنا چاہیے تاکہ جلد نم رہے اور جسم کو ضروری غذائیت حاصل ہوسکے۔ تاکہ کسی بھی مسئلے کا اثر کم سے کم ہو وہ کہتی ہیں کہ گرمیوں کے موسم میں کچھ چیزوں کا خیال رکھنے سے تقریباً ہر قسم کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔ جن میں سے چند درجہ ذیل ہیں۔
ہمیشہ ہلکی اور تازہ غذا کھائیں جو آسانی سے ہضم ہوسکے۔ اس کے علاوہ خوراک کے معمولات میں پھلوں اور پانی کے ساتھ صحت مند اور قدرتی سیالوں کی مقدار میں اضافہ کریں۔ جیسے ناریل کا پانی، دہی، چھاچھ، مٹھا، گرمی کے اثر کو کم کرنے والے شربت جیسے پوست، گلاب اور بیل کے شربت وغیرہ۔ گرمیوں میں باقاعدگی سے غسل کریں۔ پسینہ زیادہ آنے کی صورت میں صبح و شام غسل کریں۔ لیکن نہانے سے پہلے ایک بار پسینہ خشک کرنے کی کوشش ضرور کریں۔
نہاتے وقت زیادہ کیمیکل والے صابن یا شیمپو کے استعمال سے گریز کریں۔ یہ جلد اور بالوں میں مزید خشکی کا سبب بن سکتا ہے۔ موئسچرائزر یا کریم کی مدد سے روزانہ جلد کو موئسچرائز کریں۔ مرد ہو یا عورت، گھر سے نکلنے سے پہلے ہمیشہ اچھے معیار کا سن اسکرین لگائیں۔ جہاں تک ممکن ہو زیادہ دیر تک پسینے والے کپڑوں میں نہ رہیں۔ اس سے فنگل یا بیکٹیریل انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ گرمیوں میں سوتی اور ڈھیلے کپڑوں کو زیادہ ترجیح دیں کیونکہ ایسے کپڑوں میں پسینہ جلدی سوکھ جاتا ہے۔عورت ہو یا مرد، ہمیشہ سوتی اور کم تنگ انڈرویئر پہنیں۔
مزید پڑھیں:
- Prevention of Blindness Week 2023: دنیا بھر میں تقریباً 2.2 بلین افراد بینائی کے مسائل سے دو چار ہیں
روزانہ بال دھونے سے گریز کریں۔ اس کے بجائے گھر سے باہر نکلتے وقت، خاص طور پر دو پہیہ گاڑی پر یا پیدل چلتے وقت، اپنے بالوں پر کاٹن کا اسکارف یا کپڑا باندھیں۔ اور اگر سر میں بہت زیادہ پسینہ آرہا ہو تو کوشش کریں کہ بال کھول کر ہوا میں خشک کریں۔ اگر آپ سر کو باقاعدگی سے دھونا چاہتے ہیں تو بہت ہلکا شیمپو کا استعمال کرکے سر کو دھولیں۔