نئی دہلی: بھارت میں فیٹی لیور کا مسئلہ ایک وبا کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ ملک کی تقریباً 30 سے 40 فیصد آبادی اس کی زد میں ہے۔ بلڈ پریشر، ذیابیطس، دل کی بیماری اور کینسر کی کچھ اقسام وغیرہ کسی نہ کسی طرح جگر کی سوزش سے منسلک ہوتے ہیں اور اس میں چربی کی مقدار معمول سے زیادہ ہوتی ہے۔ ڈاکٹر شیو کمار سرین، سینئر پروفیسر، ہیپاٹولوجی ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر، انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیری سائنسز نے یہ بات انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایسوچیم ) کے زیر اہتمام 'کیرنگ فار لیور پریوینشن اینڈ منیجمنٹ ' کے موضوع پر ایک ویبینار میں کہی۔
فیٹی لیور اور ہائی بلڈ پریشر اور دل کے مسائل کے درمیان تعلق کا تذکرہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “اگر الٹراساؤنڈ جگر میں زیادہ چربی جمع ہونے کو ظاہر کرتا ہے تو یہ تشویشناک بات ہے۔ وہ لوگ جن کا جگر فیٹی ہے، الٹراساؤنڈ کے ذریعے پتہ چلا ہے، لیکن ان میں کولیسٹرول اور ٹرائگلیسرائڈز جیسے دیگر اشاریے نارمل ہیں، 10 سے 15 سال میں ذیابیطس، بلڈ پریشر اور دل کے مسائل میں مبتلا ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب جگر کی چربی وہاں سے شریانوں میں جمع ہو جاتی ہے تو بلڈ پریشر اور دل کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ فیٹی لیور ذیابیطس کا خطرہ بڑھاتا ہے۔ ذیابیطس جگر کی بیماری ہے، جن کا جگر چربی زدہ ہوتا ہے ان میں انسولین جگر میں داخل نہیں ہو پاتی۔ ایسے شخص میں انسولین کی پیداوار کم ہوجاتی ہے۔ جن لوگوں کا جگر صحت مند ہے ان میں ذیابیطس کا خطرہ کم ہوگا۔ اگر کسی شخص کا جگر فیٹی ہے اورپی ٹی/ایس جی او ٹی بھی زیادہ ہے تو اس کے ذیابیطس کا خطرہ تقریباً 5 سے 10 گنا زیادہ ہے۔ اگر وہ شخص شراب پیتا ہے تو مسئلہ بہت تیزی سے بڑھ جاتا ہے۔
ڈاکٹر کپل دیو جموال، ہیڈ، گیسٹرو اینٹرولوجسٹ آرٹیمس ہسپتال یونٹ II، گروگرام نے ویبینار میں بتایا کہ کس طرح جگر کے مسائل قوت مدافعت کو متاثر کرتے ہیں اور یہ ایرکٹائل ڈسفنکشن کاسبب بھی بن سکتاہے ۔ جگر پروٹین اور امیونوگلوبلین کی تیاری میں شامل ہے جو اینٹی باڈیز کی تشکیل میں مدد کرتے ہیں۔ ایسے مریضوں میں ٹیسٹوسٹیرون کی سطح کم ہو جاتی ہے جن کو جگر کی شدید بیماری ہے جیسے سروسس۔
ڈاکٹر سرین نے لوگوں کو خبردار کیا کہ بازار میں دستیاب جگر کی ادویات کا انتخاب کرتے وقت احتیاط برتیں کیونکہ یہ نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔جگر کی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے کچھ غذائی تجاویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ برنگی سبزیوں سے بھرپور صحت بخش خوراک لینی چاہیے۔ خوراک میں 60-70 فیصد خام خوراک شامل ہونی چاہیے اور روزہ جگر کا بہترین ٹانک ہے اور کسی کو اپنی خوراک میں بہت زیادہ تبدیلی نہیں کرنی چاہیے۔ کیونکہ اگر خوراک میں کثرت سے تبدیلی آتی ہے تو آنتوں کے ماحول کو باقاعدگی سے ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے، یہ جگر کے لیے نقصان دہ ہے۔ کم سے کم چینی والی کافی اور دودھ کے ساتھ کم یا بغیر کافی جگر کے لیے اچھا ہے۔ اسی طرح ہلدی جگر کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے اور اخروٹ بھی۔ سرسوں کا تیل کھانا پکانے کے لیے صحت بخش ہے۔ ڈاکٹر سرین نے جگر کی بیماری میں مبتلا افراد کے لیے ورزش کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیٹی لیور کے مریضوں کو دو قسم کی ورزش کرنی پڑتی ہے، ایروبک ورزش اور مزاحمتی ورزش۔
یہ بھی پڑھیں: Fatty Liver Dangerous For Health: فیٹی لیور ذیابیطس کے مریضوں کے لیے خطرناک
یو این آئی