مغربی بنگال کے وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو اس وقت دوہری مار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے عدم اعتماد کی ووٹنگ کی بدولت باگدا پنچایت پر ترنمول کانگریس کے دوبارہ قبضے کے بعد سنئیر رہنما اور وزیر فرہاد حکیم نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کی۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی 24 پرگنہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف احتجاج
وزیر فرہاد حکیم نے ملک کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک بتایا۔ مہنگائی کے سبب ہر آدمی پریشان ہے۔مالی حالت اتنی خراب ہو گئی ہے کہ وہ کسی دوسرے معاملے کے بارے میں سوچ ہی نہیں سکتے۔
وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو اس وقت دوہری مار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک طرف لاک ڈاؤن کے سبب کام کاج نہیں ہے دوسری طرف مہنگائی ہے۔ اسی درمیان رسوئی گیس، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھونے لگی ہے۔
ریاستی وزیر نے کہا کہ روز مرہ کی زندگی میں استعمال ہونے والی چیزیں ایندھن کی قیمتوں سے منسلک ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے سبب تمام چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت صرف چند سرمایہ کاروں کے لئے کام کرتی ہے اور ان ہی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف ریاستی سطح پر دو روزہ احتجاجی دھرنا اور دستخطی مہم کا اہتمام کیا گیا ہے۔