زرعی قوانین کے معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے مرکز کی شدید سرزنش کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو گھیرنا شروع کر دیا ہے۔
مغربی بنگال ریاستی کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ کا زرعی قوانین پر جو موقف سامنے آیا ہے۔ فی الحال وہ درست ہے۔ آگے کیا ہو گا اس کے بارے میں کچھ بھی کہا نہیں جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو اپنی ضد چھوڑ کر زرعی قوانین واپس لینے کا اعلان کر دینا چاہیے۔
مرکزی حکومت اگر کسان بل واپس لے لیتی ہے تو لاکھوں کسان کو پریشانیوں سے نجات مل جائے گی اور سب کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے۔
اس سے پہلے بھی زمین بل کو واپس لیا گیا تھا۔ اس وقت نہ زمین پھٹی تھی اور نہ آسمان ٹوٹ پڑا تھا۔ پورا ملک اس قانون کے خلاف ہے۔
ریاستی کانگریس کے صدر نے کہا کہ کانگریس ہی واحد پارٹی ہے جو روز اول سے اس قانون کی مخالفت میں کھڑی ہے۔
مزید پڑھیں:
حل نہیں نکلا تو زرعی قوانین پر پابندی عائد کردیں گے: سپریم کورٹ
راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت تمام کانگریسی رہنما زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
کسان بل کے خلاف احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اسے واپس نہیں لے لیا جاتا ہے۔