مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے گزشتہ دنوں سالٹ لیک ایسٹ ویسٹ میٹرو پروجیکٹ کے آس پاس بڑے پیمانے پر ایسے پوسٹر لگائے تھے کہ ایسٹ ویسٹ پروجیکٹ ممتا بنرجی کی دین ہے، ممتا بنرجی جب وزیر ریلوےتھیں تو انہیں کی کوششوں کی وجہ سے مشرقی مغربی میٹرو پروجیکٹ کو منظور دے دی گئی تھی۔ وزیر اعلی بننے کے بعد انہوں نے اس پروجیکٹ کیلئے زمین فراہمی کیلئے میٹرو انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کی ۔
خیال رہے کہ ایسٹ ویسٹ میٹرو ریلوے پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو مدعو نہ کئے جانے پر ترنمول کانگریس نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر ممتا بنرجی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے ترنمول کانگریس نے تقریب کا بائیکاٹ کیا تھا ۔خود ممتا بنرجی نے بھی اس پر ناراضگی ظاہر کی تھی کہ انہیں اس پروجیکٹ کیلئے کافی محنت کرنی پڑی تھی۔
اب بی جے پی نے آج ایسٹ ویسٹ میٹروریلوے اسٹیشنوں کے آس پاس کے علاقے میں اس پروجیکٹ کےلئے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ ، وزیر ریلوے پیوش گوئل اور وزیر مملکت برائے ماحولیات بابل سپریو اور بھارتیہ جنتا پارٹی کا شکریہ والا پوسٹر لگادیا ہے ۔
پوسٹر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کلکتہ کے شہریوں کو یہ جدید ترین میٹرو تحفہ دیا ہے۔
راجرہاٹ نیوٹاؤن کے ممبراسملی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما، سبیاسچی دتہ نے کہا کہ ممتا بنرجی 9 سال قبل بنگال کی وزیراعلی بنیں۔ وہ 5 سال پہلے ریلوے کی وزیر تھیں۔ ترنمول کانگریس 13سا ل پہلے کئے گئے کام کا کریڈٹ لے رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بنگال کے عوام اتنے بیوقوف نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 7 سالوں سے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت ملک میں ترقی کےلئے کام ہورہے ہیں ۔
وزیر اعظم کی کوششوں کی وجہ سے ہی ایسٹ ویسٹ میٹرو پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہواہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے بغیر اس پروجیکٹ کا مکمل ہونا ناممکن تھا۔اس کےلئے بنگال کے عوام کو مرکزی حکو مت کا شکر گزار ہونا چاہیے۔دتہ نے کہا کہ ممتا بنرجی کی حکومت اور ان کی پارٹی ہمیشہ ہی ایسٹ ویسٹ میٹرو کی راہ میں روکاوٹ کھڑی کرتی رہی ہیں ۔