مغربی بنگال کےشمالی24 پر گنہ ضلع کے بنگاوں میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف جلسے کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر جیوتی پریہ ملک نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا میں 18 سیٹیں ملنے کے بعد بی جے پی ریاست میں بی جے پی کی حکومت بننے کا خواب دیکھنے لگی تھی۔
ا نہوں نے کہاکہ لیکن ایسا نہیں ہے ۔ حقیقت کچھ اور ہی ہے ۔خوابوں کی دنیا میں رہنے والی بی جے پی کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں دس سیٹیں بھی نہیں ملیں گی۔
ریاستی وزیر جیوتی پریہ ملک نے کہاکہ نہ صرف مغربی بنگال میں بلکہ پورے ملک میں حالات تیزی سے بدل رہے ہیں لوگوں میں بی جے پی کے خلاف غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی اکثریت کے ساتھ مرکز میں ہے تو نہیں پورے ملک میں شہریت ترمیمی ایکٹ نافذ کیوں نہیں کردیتی ہے ۔ بی جے پی والوں کو ڈر کس بات کی ہے ۔
ترنمول کانگریس کے رہنما کاکہنا ہے کہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کی وجہ سے ملک کے عوام میں بی جے پی کے لئے بے حد نفرت پائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مغربی بنگال چھوڑ دیں ان کے لئے دہلی اسمبلی انتخابات گلی کی ہڈی بنی ہوئی ہے۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو دس سیٹیں بھی نہیں ملیں گی۔
ریاستی بی جے پی کے رہنما مکل رائے پر تنقید کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے رہنما کاکہنا ہے کہ وہ (مکل رائے)کہتے ہیں شہریت ترمیمی ایکٹ کے لئے بی جے پی کو 42 فیصد لوگوں کی حمایت حاصل ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ 58 فیصد لوگ اس کے خلاف ہیں اور وہ ملک میں شہریت ترمیمی ایکٹ کو نافذ ہونے نہیں دیں گے۔