مغربی بنگال کے سلی گوڑی ضلع میں واقع سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن کے مئیر اور سی پی ایم کے رہنما اشوک بھٹا چاریہ کاکہنا ہے کہ کوروناوائرس بین الاقوامی وبا ہے۔ ملک کے تمام لوگ اس سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کوروناوائرس پر سیاست جائز نہیں ہے۔ کون کیا کرتا ہے اوراس سے متعلق کیا بیان بازی کرتا ہے اس بحث میں پڑنا نہیں ہے۔ ہمیں ایک ساتھ مل کر اس وبا سے لڑنے کی ضرورت ہے۔
مئیر اشوک بھٹاچاریہ کا کہنا ہے کہ حالات تیزی سےبدل رہے ہیں۔ عام لوگوں کی پریشانیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عام آدمی اپنی حفاظت کو لے کر کا فی فکرمند ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی وزیر اور ترنمول کا نگریس کے رہنما گوتم دیب کوروناوائرس سے نمٹنے کے لئے بلائی گئی میٹنگ میں سیاست کر رہے ہیں۔ اس سے کس کو کیا فائدہ ہو گا وہ خود بہتربتائیں گے۔
سلی گوڑی کے مئیر کاکہنا ہے کہ سلی گوڑی میں حالات دیگر اضلاع کے مقابلے کافی بہتر ہے۔ یہاں اب تک ایک بھی شخص کے کوروناوائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی ایڈوائزری کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔اس پر سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی وزیر گوتم دیپ کو اس وبا سے لڑنے کےلئے میٹنگ بلانے کا پورا حق حاصل ہے لیکن سیاست کرنے کا نہیں ۔ ہم عام لوگوں کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے یہاں بیٹھے ہیں۔
مغربی بنگال حکومت نے احتیاطی تدابیر کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں۔اس سے قبل حکومت نے 15اپریل تک اسکول و کالج بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ریاستی سیکریٹریٹ میں آج اعلیٰ سطحی میٹنگ کرنے کے بعد وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ اسکول اب 15اپریل تک بند رکھا جائے گا۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے 200کروڑ روپے کا فنڈ مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چوںکہ اس وقت تک کورونا وائرس کی کوئی خاص دوا نہیں آئی ہے۔اس لئے اس بیماری کی روک تھا م میں کام آنے والے دوائیوں کا اسٹاک جمع کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔حکومت نے این 95ماسکو کا آرڈر دیا ہے۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار کو دیکھتے ہوئے وزیرا علی ممتا بنرجی نے Epidemic Diseases Act(وبا ایکٹ)نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مفادات کے پیش نظرایکٹ کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔