مغربی بنگال الیکشن کمیشن کے سربراہ عارف آفتاب نے اسمبلی انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے پہلے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔
عارف آفتاب نے بتایا کہ چیف الیکشن کمیشنر سنیل اروڑہ کی ہدایت پر اس مرتبہ اسمبلی انتخابات میں امیدواروں کو آن لائن پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو آن لائن پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد پانچ دنوں کے اندر اوریجنل دستاویزات کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ امیدواروں آن لائن سہولت کے ذریعہ پرچہ نامزدگی داخل کرسکتے ہیں تاکہ ضلع انتظامیہ دفاتر کے سامنے سیاسی کارکنوں کا مجمع ہونے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا گائیڈ لائن کے تحت اسمبلی انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔
دوسری جانب بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے اسمبلی انتخابات کے دوران تمام پولنگ مراکز پر مغربی بنگال پولیس کو تعینات نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ 10 فروری سے پہلے کسی بھی روز ریاست میں اسمبلی انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا جاسکتا ہے۔