مغربی بنگال کے شمالی کولکاتاکے چیتلہ تھانہ علاقے سے پولیس نے وزیرداخلہ امت شاہ کی یہاں منعقد ریلی کے دوران متنازعہ نعرہ گولی مارو غداروں کو نعرہ لگانے کے سلسلے میں ایک اور شخص کو گرفتار کرلیا ۔
نیومارکٹ تھانے کی پولیس نے بتایا کہ متنازعہ نعرہ بازی کرنے کے الزام میں سندیپ شنکر نام کے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ شمالی کولکاتا کے چیتلہ تھانہ علاقے کا رہنے والا ہے ۔
پولیس نے مزید کہاکہ سندیپ شنکر بی جےپی کا سرگرم حامی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد رات بھر شہر کے مختلف حصوں میں چھاپہ ماری اکے دوران اسے گرفتار کر لیا ۔
اس سے قبل نیومارکیٹ تھانے کی پولیس نے متنازعہ نعرہ لگانے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سریندر کمار تیواری، دھرب بوس اور پنکج پرساد کے طور پر ہوئی ہے ۔ یہ تینوں بی جے پی کے ایڈووکیٹ سیل کے رکن ہیں ۔
پولیس نے ان تینوں کو نیابازار ، هری دیو پوراور بھواني پور سے گرفتار کیا ۔ ان تمام کو تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے، 505، 506 اور 34 کے تحت گرفتار کیا ہے ۔
دوسری طرف کولکاتا پولیس کمشنرانوج شر ما نے کہاکہ ملک مخالف نعرہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ پتہ چلا ہے کہ شمالی 24 پرگنہ کے گھولہ تھانہ علاقے میں رہنے والے نوجوانوں کی تلاش جا ری ہے جنہوں نے ملک مخالف نعرہ بازی کرنے کے لئے لوگوں کو اکسایاتھا۔
واضح ر ہے کہ ٹیلی ویژن پر دکھائے گئے ویڈیو میں مسٹر شاہ کی شہید مینار میں منعقد ریلی کے دوران مذکورہ بی جے پی کارکن گولی مارو کے نعرے لگاتے دکھائی دے رہے تھے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شہریت ترمیمی ایکٹ کی منظوری ملنے کے بعد سے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نئے قانون کے خلاف تحریک چلا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ریاست کے تمام اضلاع میں نئے قانون کے خلاف جلسہ وجلوس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ریاست کے کل 294 اسمبلی حلقوں میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جا ری ہے۔