پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری کے آرتی کوٹن مل کُھلوانے کے لیے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کو خط لکھنے کے ایک دن بعد آئی این ٹی ٹی یو سی کے کارکنان نے جنرل منیجر کا گھیراؤ کیا۔
آئی این ٹی ٹی یو سی کے کارکنان نے آرتی کاٹن مل کھلوانے کے لیے احتجاجی جلوس کا اہتمام کیا جس میں سیاسی جماعت کے کارکنان کے علاوہ عام لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ہاوڑہ کے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے یہ احتجاجی جلوس آرتی کاٹن مل کے سامنے پہنچا جہاں کارکنان نے گھنٹوں احتجاج کیا۔
آئی این ٹی ٹی یو سی کے رہنما بھیبھاس حاجرہ نے کہا کہ نیشنل ٹیکسٹائل کارپوریشن کے ماتحت چلنے والی آرتی کاٹن مِل میں دوبارہ کام شروع کرانے کے لیے تحریک چلائی جا رہی ہے۔
آرتی کاٹن مل کے بند ہونے سے سینکڑوں مزدوروں کا مستقبل اور روزی روٹی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اس مل میں جلد کام شروع نہیں کیا گیا تو مزدور بُھکمری کے شکار ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت چاہے گی تو اس مل میں دوبارہ کام شروع ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے تمام لوگوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔
آئی این ٹی ٹی یو سی کے کارکنان نے جنرل منیجر کا گھیراؤ کیا اور عرضداشت پیش کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کو خط لکھ کر آرتی کاٹن مل کو جلد سے جلد کھلوانے کا مطالبہ کیا تھا۔