مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ طلب کردہ ویڈیو کانفرسنگ میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی شرکت کو سراہا ہے۔
کورونا وائرس کی وباء سامنے آنے کے بعد وزیراعظم کی یہ تیسری ویڈیو کانفرنسنگ ہے۔ وزیراعظم کی دوسری ویڈیو کانفرنسنگ میں شرکت نہیں کرنے پر ممتا بنرجی کی شدید تنقید ہوئی تھی۔
ویڈیو کانفرنسنگ میں وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے وزیراعظم مودی کے سامنے بنگال کی موجودہ صورت حال کو پیش کرتے ہوئے مالی پیکج کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ حزب اختلاف کے رہنماوں کی میٹنگ میں بھی ترنمول کانگریس نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد میں اپوزیشن رہنماوں کے ساتھ وزیراعظم کی ویڈیو کانفرنسنگ میں لوک سبھا میں ترنمول کانگریس کے رہنما سدیپ بندو پادھیائے نے شرکت کی تھی۔
اس موقع پر بھی ترنمول کانگریس نے بھی بنگال کیلئے خصوصی مالی پیکج دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
گورنرجگدیپ دھنکر نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 'یہ بہت اچھی بات ہے کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی وزیر اعظم کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں شریک ہو رہی ہیں۔ میں اس کی تعریف کرتا ہوں'۔
گورنر نے لکھا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم مودی کے اقدامات کی پوری دنیا میں تعریف ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ ممتابنرجی کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کے ویڈیو کانفرنسنگ میں ترنمول کانگریس کے سرکردہ رہنما سدیپ بندھوپادھیائے شرکت کی تھی۔