مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے بی جے پی کے رکن پارلیمان ارجن سنگھ کی رہائش گاہ پر بموں سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹ کیا اور حملے کو انتظامیہ کی لاپرواہی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ کسی بھی جماعت سے وابستہ عوامی نمائندہ پر حملہ ہوتا ہے تو اس کی مذمت کی جانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ارجن سنگھ کے مکان پر ہوئے حملے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان کی سکیوریٹی میں کوتاہی برتی گئی، اسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر نے اپنے ٹویٹ میں مغربی بنگال حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر پر ہمیشہ سے سوال اٹھتے رہے ہیں۔ اسمبلی انتخابات 2021 سے پہلے اور بعد میں امن و ضبط کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں ہوئی ہے۔
دوسری طرف بیرکپور کے ڈپٹی کمشنر ایس پانڈے نے کہا کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دو نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی کے رکن پارلیمان کی رہائش گاہ کے باہر بموں سے حملہ
واضح رہے کہ آج صبح نامعلوم افراد بی جے پی کے رکن پارلیمان ارجن سنگھ کی رہائش گاہ پر بموں سے حملہ کرکے فرار ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مزدور یونین بھون میں ایک نوجوان کی پٹائی کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔