بی جے پی میں شامل ہوتے ہی ترنمول کانگریس کے سابق رکن اسمبلی مہیر گوسوامی نے بی جے پی کے سینیئر رہنما اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ملاقات کر کے شمالی بنگال کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ مہیر گوسوامی ترنمول کانگریس سے جنوبی کوچ بہار کے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں جنہوں نے چند روز قبل ہی ممتا بنرجی کی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
مہیر گوسوامی نے وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے دوران شمالی بنگال کے مختلف مسائل سے آگاہ کراتے ہوئے ان کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں شمالی بنگال کے سرحدی علاقوں میں گائے کی اسمگلنگ اور دوسرے غیر قانونی سرگرمیوں پر قدغن لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مہیر گوسوامی کے ساتھ کوچ بہار کے رکن پارلیمان نشت پرمانک بھی موجود تھے۔
امت شاہ سے ملاقات کے بعد مہیر گوسوامی نے کہا کہ شمالی بنگال عرصہ دراز سے تعصب کا شکار ہے۔ اسی لیے شمالی بنگال کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ شمالی بنگال میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں اور برسوں سے اس پر توجہ نہیں دی گئی ہے اسی لیے شمالی بنگال کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے مہیر گوسوامی نے کہا کہ مودی کی قیادت میں شمالی بنگال ترقی کرے گا۔