کولکاتا: مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع میں دیوچا-پچامی کول مائن پروجیکٹ کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ نوبنو کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس دورے کے دوران اس پروجیکٹ میں دلچسپی رکھنے والے اراضی عطیہ دہندگان کے خاندانوں کو روزگار کے لیے تقرری نامہ دیں گی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ صنعت کے حوالے سے کچھ اہم فیصلوں کا اعلان بھی کر سکتی ہیں۔ ترنمول کانگریس بیربھوم ضلع صدر انوبرتا منڈل اس وقت مرکزی تفتیشی ایجنسی کی حراست میں ہیں۔ ریاست میں پنچایتی انتخاب ہونے والا ہے۔ حکمراں جماعت بیر بھوم کو مضبوط کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
سمجھا جارہا ہے کہ ممتا بنرجی ضلع میں پارٹی لیڈروں اور ورکروں سے ملاقات کرسکتی ہیں۔ پنچایت انتخابات کب ہوں گے یہ واضح نہیں ہے۔ لیکن 2023 کے الیکشن کے لیے تمام جماعتیں کمر باندھ چکی ہیں۔ پارٹی قیادت کو اپنے علاقے میں گھر گھر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ترنمول کانگریس نے عوام تک پہنچنے کے لیے پروگرام تیار کرلیا ہے۔ ممتا بنرجی انوبرتا منڈل کی غیر موجودگی میں پارٹی لیڈروں کو حوصلہ دینے کی کوشش کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں:TMC MLA Gulsan Mullick اگرمیں پنچلا سے کامیاب نہیں ہوا تو ممتا کو دوبارہ اقتدار نہیں ملے گا
ترنمول کانگریس کے ضلع صدر انوبرتا منڈل کی گرفتاری کے بعد ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتابنرجی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ممتابنرجی کے اس دورے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتابنرجی بیربھوم دورے کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ میٹنگ میں ضلع کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرسکتی ہیں۔