مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے ہوڑہ میں شریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف ریلی کوخطاب کرتے ہوئے کہاکہ دھوکے بازی کی بنیاد پر اقتدار پرقبضہ ہونے والوں سے آپ کیا امید کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آنے سے قبل بی جے پی کانعرہ سب کا ساتھ سب کاوکاس نہیں بلکہ سب کا ساتھ سب کاسرواناش تھاجو آج سچ ثابت ہونے والا ہے
ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہاکہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت جب تک اقتدار میں رہے گی اس وقت عام بھارتیوں کا بھلا نہیں ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ کیسی حکومت ہے جو بھارت میں پیدا ہونےو الوں سے اس کی شہریت پر سوال کرتی ہے۔ اسی حکومت کو عوام ہی سبق سکھائیں گے۔
ممتابنرجی کے مطابق ملک بہت برے دور سے گزر رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ اس سے لوگوں کو مذہب کے نام پر سیاست کرنے والی سیاسی جماعت سے دوررہنے کی کوشش کرنی ہوگی۔
ریاستی وزیراعلیٰ کے مطابق ہم سبھوں کو ایک نعرے کے تحت کام کرنا چاہیے ۔ وہ نعرہ ہوگا بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ۔ اس کے علاوہ عام بھارتیوں کے پاس کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے۔
ریلی کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم اپنی شہریت کسی کو نہیں باتیں گے۔ ہماری شہریت ہی بھارتی ہے۔ یہ ہمارے خون میں ہے۔ جسم سے خون کوالگ کردو شہریت اپنے آپ ہی ختم ہوجائے گی۔
وزیرداخلہ امت شاہ کو تنقید کا ہدف بناتے ہوئے کہاکہ ملک کے حق میں کوئی جائز بات کرتا ہے تو اسے غدار کہا جاتاہے۔ میں عام لوگوں کے حق میں بات کرتی ہوں مجھے غدار قراردیا جائے ۔اس کے بعد پتہ چلے گا ملک کی بھلائی کرنے والے اور ملک کوبرباد کرنے والوں میں کیا فرق ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شہریت ترمیمی ایکٹ منظور ہونے کے بعد سے اب تک ملک کی تمام ریاستوں سمیت مغربی بنگال میں بھی مرکزی حکومت کے خلاف پرُتشدد مظاہرے جاری ہے۔
پرُتشدد مظاہرے کے دوران مختلف اضلاع میں سرکاری املاک کو نقصان ہوا ہے۔ مشرقی ریلوے نے تشدد کےسبب متعدد ٹرینیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔