ممتا بنرجی اور سورو گانگولی کے درمیان کن موضوعات پر باتیں ہوئیں ہیں کسی کو اس کے متعلق جانکاری نہیں ہے۔ سورو گانگولی نے بھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
سورو گانگولی اور ممتا بنرجی کی نبنو میں جمعرات کے روز ملاقات کے دوران کافی دیر تک بات چیت ہوئی تھی۔ان لاک 2 کے بعد سورو گانگولی، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کرنے نبنو پہنچے تھے۔کافی دیر تک دونوں کے درمیان بات چیت ہوئی۔
لیکن ان کے درمیان کن موضوعات پر باتیں ہوئیں اس کے متعلق جانکاری نہیں دی گئی ہے۔
دوسری جانب سورو گانگولی نے بھی اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ اس سے قبل بھی سورو گانگولی نبنو میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کر چکے ہیں۔جب وہ بی سی سی آئی کے صدر منتخب ہوئے تھے تو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کرنے نبنو پہنچے تھے۔
اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ ممتا بنرجی ان کی دیدی کی طرح ہیں۔ ان سے دعائیں طلب کرنے گیا تھا، لیکن اس بار کی ملاقات پر ابھی تک انہوں نے کچھ نہیں کہا ہے اور نہ ہی ممتا بنرجی کی طرف سے اب تک اس خاص ملاقات کی تفصیل بتائی گئی ہے۔
اس ملاقات کے بعد سے کئی طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں ہیں۔
ایک طرف ریاست میں 2021 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔گزشتہ دنوں میں سورو گانگولی کی بی جے پی سے قربت کی بھی خبریں آ چکی ہیں۔ ایسی بھی افواہیں سامنے آ چکی ہیں کہ سورو گانگولی بی جے پی کا بنگال میں وزیر اعلیٰ کا چہرہ ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل اس ملاقات کو سیاسی ماہرین اسی مد میں دیکھ رہے ہیں کہ برسر اقتدار جماعت بھی سورو گانگولی سے اپنی عقیدت کا مظاہرہ کرنے میں پیچھے نہیں رہنا چاہتی ہے۔