کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ٹویٹر پر پوسٹ کیاکہ سکم میں بادل پھٹنے کے بعد آنے والے سیلاب میں 23 فوجیوں کے لاپتہ ہونے کی خبر سے میں انتہائی فکر مند ہوں۔ اس سانحہ پر اظہار یکجہ ی کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا اگر کوئی مدد مانگی گئی تو ہماری حکومت نے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ میں شمالی بنگال کے تمام متعلقہ لوگوں سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ وہ آفات سے بچنے کے لیے موجودہ موسم میں زیادہ سے زیادہ چوکسی برتیں۔
محترمہ ممتا بنرجی نے کہا میں نے پہلے ہی اپنے چیف سکریٹری سے کہا ہے کہ وہ آفات سے نمٹنے کی تیاری کے اقدامات کو جلد از جلد مربوط کریں۔
محترمہ بنرجی نے کہا کہ کالمپونگ، دارجلنگ اور جلپائی گوڑی اضلاع سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ ریاست کے سینئر وزراء اور سینئر انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسران کو بچاؤ اور راحتی کاموں کی نگرانی کے لیے شمالی بنگال بھیجا گیا ہے۔ محترمہ بنرجی نے کہا کہ اس سنگین آفت میں کوئی جانی نقصان نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، ایک اچانک اور تشویشناک پیش رفت میں، سکم کی شمالی ضلع انتظامیہ نے منگل کی دیر رات تیستا ندی کی سطح آب میں اچانک اضافہ کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، سرکاری ذرائع نے آج یہ اطلاع دی ہے۔ منگن ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سونم دیتچو نے ہائی الرٹ کی تصدیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Sikkim Flood سکم میں بادل پھٹنے سے فوج کے تئیس جوان لاپتہ، سرچ آپریشن جاری
انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں کے تمام تھانوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور تیستا ندی کے کنارے رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے فوری طور پر اونچے علاقوں میں چلے جائیں۔