مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ نفرت کی شکست اور جمہوریت کی جیت ہے۔'
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ 'یہ عام آدمی پارٹی کی طرز سیاست کی جیت ہے اور عوام نے بی جے پی کے نفرت کی سیاست کو رد کردیا ہے۔'
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 'دہلی میں عآپ کی جیت کسی بھی اعتبار سے کم نہیں ہے۔ گزشتہ چند مہینوں سے بی جے پی نے ملک میں جو صورتحال پیدا کر رکھی تھی اس سے ملک میں افراتفری اور بی چینی کا ماحول تھا۔'
انہوں نے کہا کہ 'لوگوں نے عقل مندی سے کام لیتے ہوئے مذہب کے نام پر سیاست کرنے والی بی جے پی کو اچھا سبق سکھایا۔ اس سے ملک کی دوسری ریاستوں میں بھی آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا صفایا یقینی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'بی جے پی نے انتخابات جیتنے کیلئے سرکاری مشنریوں کا بھی غلط استعمال کیا مگر اس کے باوجود بی جے پی کامیابی حاصل نہیں کرپائی۔'
ترنمول کا نگریس کی سربراہ کا کہنا ہے کہ 'ملک اس طرح کی مذہبی سیاست کو پسند نہیں کرتا ہے، اس لیے و ہ ہر ایک جگہ نامراد ہورہی ہے۔'
مہاراشٹر، جھاڑکھنڈ کے بعد اب دہلی کے عوام نے واضح پیغام دے دیا ہے۔ 2019 میں لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی متکبر ہوچکی ہے۔
مخالفین کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں مگر بی جے پی کے ہاتھ کچھ بھی نہیں آرہا ہے۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں 63 سیٹوں پر ممکنہ کامیابی حاصل کرکے دہلی پر دوبارہ قبضہ کرلیا ہے۔آخری اطلاع موصول ہونے تک عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 63 سیٹیں ملیں ہیں جبکہ بھارتیہ جنتاپارٹی سات سیٹوں پر سمٹ گئی ہے۔