جنوبی 24 پرگنہ کے قصبہ اسمبلی حلقے میں صبح سے پولنگ مراکز کے باہر ووٹ ڈالنے والوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی جس میں خواتین بھی بڑی تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے جمع ہیں۔
مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے چوتھے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی طاقتیں جھونک دی ہیں۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف راغب کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں۔
انتخابی کمیشن نے کولکاتا، جنوبی 24 پرگنہ، ہگلی، ہوڑہ، کوچ بہار، علی پور دوار اور جلپائی گوڑی میں مرکزی فورسز کی اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز آسام میں منعقد ہوئے اسمبلی انتخابات 2021 کے بعد دو سو مرکزی فورسز کی کمپنیوں کو بنگال میں تعینات کیا گیا ہے۔
اس طرح مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے لئے مرکزی فورسز کی کمپنیوں کی تعداد آٹھ سو سے بڑھ کر ایک ہزار ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی 24 پرگنہ کے پانچ اسمبلی حلقوں قصبہ، جادب پور، بہالہ شمال، بہالہ مغرب اور ٹالی گنج کے لئے مرکزی فورسز کی 184 کمپنیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ ہگلی ضلع کے دس اسمبلی حلقوں کے لئے 174 کمپنیاں، ہوڑہ ضلع کے نو اسمبلی حلقوں کے لئے 140 اور علی پور دوار ضلع کے لئے 98 کمپنیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے باقی مراحل کے لئے سکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوئی لاپروائی برتنا نہیں چاہتا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بعد مرکزی فورسز کی سینکڑوں کمپنیوں کو اسٹرانگ روم کی حفاظت اور انتخابات کے بعد ہونے والی جھڑپوں پر قابو پانے کے لئے تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات: چوتھے مرحلے کی پولنگ جاری
غور طلب ہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران بنگال کے مختلف اضلاع میں جھڑپوں کی اطلاع موصول ہوئی تھیں۔