مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے امیدوار سے سخت مقابلے میں 2034ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنے کے بعد میڈیا میں اپنا پہلا رد عمل دیتے ہوئے بی جے پی کے امیدوار کمل چندر سرکار نے کہا کہ ممتا بنرجی کے خلاف عوامی سطح پر ناراضگی کے باوجود این آر سی کا مسئلہ حاوی رہا۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں اس کی وجہ سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔انہوں نے کہا کہ این آر سی کی وجہ سے خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ پارٹی عوام کو این آر سی کے مسئلے میں اعتماد میں نہیں لے سکی اور یہی چیز ہمارے خلاف چلی گئی ہے۔
صبح 8بجے جب گنتی شروع ہوئی تو ابتدائی مرحلے میں بی جے پی کو 4ہزار ووٹوں سے سبقت حاصل تھی مگر آخری راؤنڈ میں بی جے پی پیچھے چلی گئی اور ترنمول کانگریس یہاں سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔کالیا گنج سے بی جے پی کو جیت حاصل ہونے کا مکمل یقین تھا۔
دوسری جانب جیت حاصل کرنے والے ترنمول کانگریس کے امیدوار تپن دیو سنگھ نے کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت کی کارکردگی اور این آر سی کی وجہ سے ہمیں جیت حاصل ہوئی ہے۔بوتھ ٹیم سے لے کر سینئر لیڈران تک نے یہاں محنت کی ہے اور یہ جیت اسی کا نتیجہ ہے۔