انور پاشا نے کہا کہ ہم ریاست میں مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔اسدالدین اویسی کی پارٹی نے بہار میں پولرائزیشن کیا ہے اور بنگال میں بھی اسی مقصد سے آ رہی ہے۔ان کا مقصد بی جے پی کی مدد کرنا ہے۔
مجلس اتحاد مسلمین مغربی بنگال کے رہنما انور پاشا نے کولکاتا میں ترنمول بھون میں برتو باسو کی موجودگی میں اپنے حامیوں کے ساتھ ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بنگال میں پولرائزیشن ہونے نہیں دیں گے۔جس طرح سے بہار کا حال ہوا ہم بنگال میں ہونے نہیں دیں گے۔بنگال میں سیکولر طاقتوں کو جو شکست ہوئی اس کے لیے صرف اور صرف اسد الدین اویسی ذمہ دار ہیں۔بنگال پر بھی فرقہ پرست طاقتوں کی نظر ہے۔ہمیں ان کو روکنا ہے۔
انہوں نے بنگال کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ بنگال میں فرقہ پرست طاقتوں کو صرف ممتا بنرجی ہی روک سکتی ہیں۔ممتا بنرجی کا ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ممتا بنرجی سے بڑا ملک میں سیکولر رہنما کوئی نہیں ہے۔
انہوں نے اسد الدین اویسی اور ان کی پارٹی پر بی جے پی کی مدد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی بی جے پی کو مشکل پیش آتی ہے۔اسد الدین اویسی ان کی مدد کو پہنچ جاتے ہیں۔لیکن ہم بنگال میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ممتا بنرجی کے کام کو دیکھتے ہوئے ہم ان کی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔کیونکہ ممتا بنرجی مذہب کے نام پر سیاست نہیں کرتی ہیں۔مجلس اتحاد مسلمین مذہب کے نام پر سیاست کرتی ہے۔بہار میں جو غلطی ہوئی ہے اس کو ہم بنگال میں دہرانے نہیں دیں گے۔اسدالدین اویسی کو چاہیے کہ وہ بنگال نہ آئیں ۔بنگال کے متحدہ ثقافت و تہذیب کو برباد کرنے کی کوشش نہ کریں ۔