ریاستی محکمہ داخلہ نے ضلع انتظامیہ سے واقعے کی پوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس سے متعلق ویڈیو بھی طلب کی گئی ہے جبکہ یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ چار تا پانچ افراد نے ممتا بنرجی پر اس وقت حملہ کیا جب وہ کار میں چڑھ رہی تھیں تاہم ان کے پاؤں میں چوٹ لگی۔
ممتا بنرجی پر مبینہ حملے پر کانگریس نے بھی بی جے پی کے لہجے میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کی بنگال یونٹ کے سربراہ ادھیر رنجن چودھری نے کہا ہے کہ ممتا بنرجی ہمدردی پیدا کرنے کے لیے ڈرامہ کررہی ہیں۔ چودھری نے کہا کہ ممتا بنرجی مغربی بنگال کی وزیراعلی ہونے کے ساتھ ساتھ وزیر داخلہ بھی ہیں۔ بھاری سکیورٹی کے بیچ اس پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا، وہ بھی نندی گرام میں۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے بھی وزیراعلیٰ پر مبینہ حملے پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ ممتا ڈرامہ کررہی ہیں۔ ممتا بنرجی نندی گرام پرچہ نامزدگی داخل کرنے آئی تھیں۔
وہیں ممتابنرجی نے کہا کہ جب وہ واپس آرہی تھیں تو ان کی گاڑی کو اچانک چند لوگوں نے روک لیا اور انہیں دھکا دیا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کے پائوں میں چوٹ پہنچی ہے وہ شدید تکلیف میں ہے۔ میرا پیر سوج گیا ہے۔ میرے سر پر بھی چوٹ لگی ہے۔ اس موقع پر مقامی پولس کا کوئی فرد نہیں تھا۔