دہلی کے شاہین باغ کی خواتین کی تحریک کی حمایت میں مغربی بنگال کے کولکاتا کے پارک سرکس میدان میں بھی خواتین نے گزشتہ 7جنوری کو دھرنا و احتجاج شروع کیا تھا۔ آج اس کو ایک ماہ ہو گئے اور آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ دھرنا جاری ہے۔
یہاں پابندی سے گزشتہ ایک ماہ سے دھرنے میں شامل ہونے والی خواتین کے جذبے اور حوصلے میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ سے روزانہ دھرنے پر آنے والی شبینہ رضوی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے وہ پابندی سے یہاں دھرنے میں آتی ہیں۔
لیکن اب تک مودی حکومت کا رویہ نہایت ہی مایوس کن ہے لیکن ہم مایوس نہیں ہوئے ہیں۔ ہم اپنی تحریک جاری رکھیں گے ایک ماہ کیا سال بھر یہاں دھرنے پر بیٹھنے کے لئے ہم تیار ہیں۔ اپنی تحریک جاری رکھیں ہم یہاں سے اپنے قدم پیچھے ہٹانے والے نہیں ہیں۔
ایک اور خاتون مہر اقبال جو ایک ماہ سے پابندی کے ساتھ دھرنے پر آرہی ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ یہاں ہماری ایک ساتھی دھرنے پر آتی تھی اور اسی دوران ان کی موت ہوگئی ہم بھی ان کی طرح مرنے کے لئے تیار ہیں لیکن ہم یہ تحریک ختم نہیں کریں گے۔