مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں متعدد جگہوں پر سی اے اے اور این آر سی کے خلاف دہلی کے شاہین باغ کی طرز پر احتجاج و دھرنا جاری ہے ۔کولکاتا کے پارک سرکس میدان، راجا بازار کے شاہین باغ ،بیلگچھیا اور خضر پور کے نواب پارک میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج و دھرنا جاری ہے ۔
کولکاتا کے راجا بازار شیرین باغ میں بھی گزشتہ 41 دنوں سے خواتین دھرنے پر بیٹھیں ہیں۔راجا بازار کے شیرین باغ میں جاری دھرنے میں سرگرمی سے شرکت کرنے والی سماجی کارکن شاہینہ جاوید نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جو عوام دشمن قوانین نافذ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس کے کیا نقصانات ہیں ہم لوگوں کو آگاہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت جو اصل مسائل ہیں ان سے توجہ ہٹانے کے لئے یہ سب کر رہی ہیں ملک میں بے روزگاری اور معیشت کا برا حال ہے ۔
لیکن بی جے پی حکومت این پی آر اور سی اے اے اور این آر سی جیسے مسائل میں ملک کے عوام کو الجھائے رکھنا چاہتی ہیں۔سی اے اور این آر سی کے خلاف عوام کو بیدار کرنے کی مزید ضرورت ہے۔
ہم گزشتہ 41 دنوں سے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں اور اس قانون کو واپس لینے تک ہم اسی طرح احتجاج جاری رکھیں گے۔اس تحریک میں شامل ایڈوکیٹ آفرین احمد کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے بنائے گئے۔
اس قانون کو روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر لوگوں کو گھروں سے نکل کر احتجاج کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ لڑائی آسان نہیں ہے جس طرح سے احتجاج جاری ہے ۔
اس میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے کیونکہ مرکزی حکومت بھی اپنی ضد پر اڑی ہوئی ہے اس لئے بڑی تعداد میں مزید لوگوں کی اس مخالفت میں سامنے آنا پڑے گا۔