مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کی تیاریوں کے درمیان مسلم اکثریتی علاقہ کمرہٹی میں ڈائریا وبا سے آج دو افراد کی موت واقع ہوگئی۔
وہیں ڈائریا سے متاثر درجنوں افراد کو ساگر دتہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں چند لوگوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، اس سے علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔
ذرائع کے مطابق کمرہٹی میونسپلٹی کے وارڈ نمبر پانچ میں رہنے والے کچھ لوگوں کو پیٹ میں درد اور الٹی کی شکایت پر ساگر ڈتہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں دو لوگوں کی موت واقع ہوگئی، واقعے کے بعد انتظامیہ حالات پر قابو پانے کے لئے کمرہٹی میں طبی کیمپ کا اہتمام کررہی ہے۔
مزید پڑھیں:ممتا بنرجی کی دوارے سرکار اسکیم کو بڑی کامیابی
ساگر دتہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پینے کے پانی میں جراثیم پائے جانے کی وجہ سے یہ بیماری پھیلنے کا خدشہ ہے. اس کی طبی جانچ چل رہی ہے، رپورٹ موصول ہونے تک اس معاملے میں واضح طور پر کچھ بھی کہا نہیں جاسکتا ہے۔
کمرہٹی میونسپلٹی ایڈمنسٹریٹیو بورڈ کے سربراہ گوپال ساہا کا کہنا ہے کہ حالات پر جلد سے جلد قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے. علاقے میں میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے. علاقے میں بیداری مہم بھی چلائی جارہی ہے۔