مغربی بنگال حکومت نے کورونا وائرس کے کمیونیٹی ٹرانسمیشن کو روکنے کےلیے ہفتے میں دودن مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
اس ہفتے جمعرات اور سنیچر کو سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔مغربی بنگال کے داخلہ سکریٹری الاپن بنرجی نے کہا کہ یہ دو دن، دفتر، کچہری کچھ بھی نہیں کھلیں گے۔ کوئی ٹرانسپورٹ نہیں چلے گا۔
الاپن بنرجی نے اگلے ہفتے بدھ کے روز مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے داخلہ سیکریٹری نے کہا کہ بیوروکریٹس، ڈاکٹروں اور ماہرین کی کمیٹی سمجھتی ہے کہ ٹرانسمیشن کا سلسلہ توڑنے کے لئے یہ لاک ڈاؤن ضروری ہے۔ چنانچہ وزیر اعلی ممتا بنرجی سے صلاح و مشورہ کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورا لاک ڈاؤن اسی طرح جاری رہے گا جیسے یہ کنٹینمنٹ زون میں ہے۔ ہفتے میں دو دن ریاست بھر میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔
الاپن بنرجی نے کہا کہ اعلی سطح کمیٹی ہر ہفتے کے آغاز میں اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ اس ہفتے کس دن لاک ڈاؤن ہوگا۔لاک ڈاؤن ہفتے کے کسی دو مخصوص دن میں نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ریاست کے چیف سکریٹری راجیو سنہا نے گزشتہ ہفتے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بنگال کی صورتحال”تشویشناک نہیں“ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ریاست میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے جب تک کہ صورتحال خراب نہ ہو۔ لیکن اب داخلہ سیکریٹری نے اس بات کااندیشہ ظاہر کیا ہے کہ بنگال میں کورونا وائرس کا تیزی سے کمیونیٹی ٹرانسمیشن ہورہا ہے اور صورت حال تشویش ناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خودکار ماسک اے ٹی ایم اور تھرمل اسکینر یونٹ تیار