اگرتلہ: شمالی تریپورہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ بھانوپا چکرورتی نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کی کھیپ کی نقل و حرکت کے بارے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے 19 اگست کو قومی شاہراہ پر 16 چوکیاں قائم کیں اور پیر کے روز آسام میں رجسٹرڈ ٹاٹا سومو میں براؤن شوگر کی ایک بڑی کھیپ لے کر تین افراد تریپورہ میں داخل ہوئے لیکن پولیس چیکنگ سے بچنے میں وہ ناکام رہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہاکہ گاڑی کی تلاشی کے دوران ہم نے 1.3 کلو گرام براؤن شوگر ضبط کی، جسے گاڑی کے اندر ڈبے میں چھپاکر رکھا گیا تھا۔ ہم نے تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت عبدالعلی (28)، سمن کرشنا داس (21) اور پرسن جیت داس (23) کے طور پر کی گئی ہے۔ تریپورہ کے سیپاہیجالا ضلع کے سونامورا سب ڈویژن کے تحت باکس نگر میں یہ ضبطی اور گرفتاری عمل میں آئی۔
یہ بھی پڑھیں؛Jadavpur University جادو پور یونیورسٹی میں کوئک رسپانس ٹیم تشکیل
ملزمان سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ہیروئن میانمار سےا سمگل کی گئی تھی اور یہ کھیپ بنگلہ دیش میں اسمگل کرنے کی نیت سے میزورم سے جنوبی آسام کے راستے تریپورہ لائی گئی تھی۔ ملزمان طویل عرصے سے بین الریاستی منشیات فروشی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ایک مقامی عدالت نے منگل کو تینوں گرفتار افراد کو تین روز کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔
یو این آئی