مغربی بنگال: مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پاس ہونے والے زرعی بل کےخلاف ترنمول کانگریس نے جم کر آج سڑکوں پر احتجاج کیا۔
راجیہ سبھا میں بھی ترنمول کانگریس نے اس بل کی سخت مخالفت کی تھی، اس کے بعد آج ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے بھی زرعی بل کی مخالفت کرتے ہوئے ملک میں قحط کا پیش خیمہ قرار دیا تھا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ مرکز نے غیر جمہوری طور پر زرعی بل کو پاس کرایا ہے۔ جس کے خلاف ترنمول کانگریس تحریک چلائے گی۔ اس کے بعد سے ہی ترنمول کانگریس کی جانب سے اس بل کی مخالفت میں مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔
ترنمول کانگریس نے زرعی بل کی مخالفت میں راجا سبودھ ملک اسکوائر سے دھرمتلہ گاندھی مورتی تک احتجاجی ریلی کی اور پھر وہیں دھرنے پر بیٹھ گئے۔ اس موقع پر ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری پارتھو چٹرجی نے کہا کہ ملک کے کسانوں کی حمایت میں ہماری تحریک جاری رہے گی۔
مرکزی حکومت کے کسان مخالف بل کی مخالفت میں ترنمول کانگریس اب سڑکوں پر اتر چکی ہے۔ اس لڑائی میں جیت ہماری ہو گی۔ اس ریلی میں ریاست کے کسانوں نے بھی شرکت کی ہے، آئندہ کل بھی احتجاج جاری رہے گا جس میں ریاست کے مزید کسان شرکت کریں گے ۔