رامپور ہاٹ میں نامعلوم شرپسندوں نے ترنمول کانگریس کے رہنما کو گولی مار کر قتل کر دیا۔اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے مابین ریاست کے تمام اضلاع میں ہوئے جھڑپوں میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسمبلی انتخابات کی تاریخ جوں جوں قریب آ رہی ہے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان لفظی جنگ کے ساتھ ساتھ جھڑپوں میں بھی تیزی آ رہی ہے۔
رامپور ہاٹ کے بگٹی گرام میں شرپسندوں نے ترنمول کانگریس رہنما اور نائب پردھان کے بھائی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔پولیس نے جائے وقوع پہنچ کر تفتیش شروع کر دی لیکن اب تک کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی۔
پولیس نے کہا کہ مقتول کی شناخت بابر شیخ کے طور پر ہوئی ہے وہ نائب پردھان بھدو شیخ کے بھائی ہیں۔قتل معاملے کی تمام زوایے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
ترنمول کانگریس ضلع صدر انور حسن نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے رہنما کے قتل کے پس پردہ بی جے پی ملوث ہے۔نائب پردھان اور ترنمول کانگریس کے رہنما بھدو شیخ نے کہا کہ ان کے بھائی بابر شیخ کو سیاسی رنجش کے تحت قتل کیا گیا ہے۔انہوں نے بی جے پی پرقتل کا الزام لگایا۔
دوسری جانب بی جے پی کے مقامی رہنماوں نے ترنمول کانگریس کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:'منافع بخش اداروں کی طرح ترنمول کانگریس کی بھی نجکاری کی کوشش'