مغربی بنگال کے گھٹال سے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان دیب ادھیکاری نے سات فروری کو ہلدیا میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اسٹیج پر آنے سے معذرت کر لی ہے۔
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان اور اداکار دیب ادھیکاری نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ایک اسٹیج پر آنا فخر کی بات ہے۔ میرے لئے اس سے بڑی بات اور کیا ہو سکتی ہے لیکن ذاتی مصروفیات کی وجہ سے تقریب میں شرکت کرنے سے معذرت چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی شوٹنگ کی وجہ سے دس دنوں تک مصروف رہوں گا۔ شوٹنگ کے سبب ریاست سے باہر جانے والا ہوں۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان دیب ادھیکاری کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے رکن پارلیمان سمترا خان نے ٹویٹ کرکے وزیراعظم کے تقریب میں شرکت کی اطلاع دی۔
دیب ادھیکاری نے سمترا خان کے ٹویٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں (سمترا خان) برسوں ایک پارٹی( ترنمول کانگریس ) کے لئے کام کر چکے ہیں۔ ہم دونوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کسی سے پوچھے بغیر اہم تقریب میں شرکت کرنے والے اہم مہمانوں کی فہرست میں میرا نام شامل کر لیں۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے رکن پارلیمان سمترا خان نے ایک نیوز پورٹل کو ٹویٹ کرکے وزیراعظم نریندر مودی کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان دیب ادھیکاری کی شرکت کرنے سے متعلق جانکاری دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ایودھیا: مسجد کے لیے منظور اراضی کے خلاف عرضی دائر
غور طلب ہے کہ سات فروری کو وزیراعظم نریندر مودی بھارت پٹرولیم کی تقریب میں شرکت کرنے کے لئے مغربی بنگال کے دورے پر آ رہے ہیں۔