کیننگ: مغربی بنگال کے ضلع جنوبی24 پرگنہ کے بھانگوڑ میں گذشتہ اسمبلی انتخابات میں انڈین سیکولر فرنٹ کی جیت سرخیوں میں رہی ہے۔ پنچایت انتخابات کے مدنظر بھانگوڑ اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی نوشاد صدیقی اور ترنمول کانگریس کے رہنماؤں کے درمیان زبردست لفظی جنگ جاری ہے۔ ایک مرتبہ پھر ترنمول کانگریس کے رہنما اور بھانگوڑ کے سابق رکن اسمبلی عرب الاسلام نے آئی ایس ایف کے کارکنان کے بارے میں متنازع تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نہ ہوتی تو آئی ایس ایف کے کارکنان اور رکن اسمبلی نوشاد صدیقی کی پیٹھ پر چمڑے نہ ہوتے۔ ترنمول کانگریس کے رہنما کے بیان کی آئی ایس ایف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے مذمت کی ہے۔
کیننگ میں ترنمول کانگریس کی تنظیمی میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی عرب الاسلام نے کہا کہ آئی ایس ایف کے رکن اسمبلی اور کارکنان پولیس کی وجہ سے ابھی تک بچے ہوئے ہیں۔ پولیس انتظامیہ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں اور کارکنان کو زیادہ سکیورٹی دیتی ہے۔ ہم بھی پولیس کے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پٖڑھیں: Giasuddin Molla رکن اسمبلی غیاث الدین ملا کے متنازع بیان پر ہنگامہ
انہوں نے کہا کہ انڈین سیکولر فرنٹ نے بھانگوڑ کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ بازی کی ہے۔ آئی ایس ایف نے لوگوں کو گمراہ کرکے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی درج کی لیکن لوگوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ابھی تک میں نے جو کچھ بھی کہا کہ وہ میری نہیں بلکہ مقامی باشندوں کی بات ہے۔میں مقامی باشندوں کی نمائندگی اور حمایت کر رہا ہوں۔