شمالی24 پرگنہ :مغربی بنگال کے جنوبی24 پرگنہ کے جے نگرم میں ترنمول کانگریس کے رہنما سیف الدین لشکر کے قتل کے معاملے کی گھتی سلجھی نہیں تھی کہ آج شمالی 24 پرگنہ کے آم ڈانگہ علاقے میں ٹی ایم سی کے پنچایت پر دھان کا قتل ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب کے آم ڈانگہ علاقے میں نامعلوم شرپسندوں کے بموں کے حملے میں ترنمول کانگریس پنچایت پردھان روپ چند منڈل شدید طور پر زخمی ہوگئے۔
ترنمول کانگریس کے رہنما اور پنچایت پردھان روپ چند منڈل کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی ہھیل گئی ۔
اس واقعے کی اطلاع پا کر بیرکپور سے رکن پارلیمان ارجن سنگھ جائے وقوع پر پہنچے اور نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔روپ چند منڈل ایک جوان پنچایت پردھان تھے۔
انہوں نے کہاکہ پولیس پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ اس معاملے میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری جلد ہی عمل میں آئے گی۔ایک نوجوان رہنما کی موت ہوئی ہے۔پولیس کو اس معاملے میں سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔
یہ بھی پڑھیں:ریاستی وزیر جیوتی پریہ ملک 30 نومبر تک جیل کی حراست میں
واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی 24 پرگنہ کے جے نگر میں نامعلوم شرپسندوں کے حملے میں ترنمول کانگریس کے رہنما سیف الدین شلکر کی موت ہوگئی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں سی پی آئی ایم کے رہنما انیس لشکر سمیت متعدد لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔