مغربی بنگال میں 27 فروری کو 108 میونسپلٹیوں کے لئے ہونے والے انتخابات کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں جس کے سبب سیاسی گہماگہمی تیز ہو گئی ہے۔ Garulia Municipality in WB
شمالی 24 پرگنہ ضلع انتظامیہ دفتر میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی درمیان گارولیا میونسپلٹی کے سابق ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے سربراہ رامن داس نے کہا کہ وہ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتابنرجی کے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر عام لوگوں سے ووٹ مانگنے کے لئے جائیں گے۔ انہیں پورا یقین ہے کہ برسراقتدار جماعت کو سو فیصد کامیابی ملے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے بارے میں کچھ کہا نہیں جا سکتا ہے لیکن اتنا ضرور یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ ترنمول کانگریس کو ریکارڈ جیت ملے گی۔
گارولیا میونسپلٹی کے وارڈ نمبر سات سے چار مرتبہ کی کونسلر صفیہ خاتون نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ بیس برسوں سے عوام کی خدمت انجام دے رہی ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پانچواں موقع ہے جب ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر پرچۂ نامزدگی داخل کیا ہے اور یقین ہے اس مرتبہ بھی نمایاں کامیابی ملے گی۔