مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے مسلم اکثریتی علاقہ بشیرہاٹ میں واقع سب ڈویژنل جیل میں قید تین قیدی کے فرار ہونے سے افراتفری مچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آج دن میں ہی لائن آرڈر کے دوران تین قید کم پائے گئے۔ سیل کا جائزہ لیا گیا تو باتھ روم کی کھڑکی ٹوٹی ہوئی پائی گئی۔
اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد جیل میں سنسنی پھیل گئی۔ افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور تفتیش شروع کر دی گئی۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قیدی باتھ روم کی کھڑکی توڑ کر فرار ہوگئے۔ سیل کے دوسرے قیدیوں سے اس سلسلے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مفرور قیدیوں می سے ایک سزایافتہ قیدی تھا جبکہ دیگر دو کے خلاف بشیرہاٹ عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور دوسرے قیدیوں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کے خلاف وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جیل کمپلیکس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کیونکہ قیدی پندرہ فٹ دیوار سے کود فرار ہوئے ہیں۔
دوسری طرف ضلع پولیس نے بشیرہاٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ناکہ چیکنگ تیز کر دی ہے۔ تلاشی مہم زوروں پر جاری ہے۔ پولیس کو مفرور قیدیوں کی جلد گرفتاری کا یقین ہے۔